افغان مذاکرات کیلئے حائل رکاوٹ دور لویہ جرگہ کا 400 طالبان کی رہائی کا فیصلہ

August 09, 2020

کابل (جنگ نیوز )افغان امن مذاکرات کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹ لویہ جرگہ نے دور کردی اور افغان حکومت کی قید میں 400 طالبان قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ دیدیا۔افغان صدر اشرف غنی نے بھی اپنی تقریر میں عمائدین سے اس رکاوٹ کو دور کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جبکہ امریکہ نے بھی طالبان قیدیوں کی رہائی کیلئے اپیل کی تھی ۔دوسری جانب طالبان قیدیوں کی رہائی اور شورش زدہ ملک میں امن عمل کے آغاز کے حوالے سے ہونے والے افغان لویا جرگہ کے شرکا میں سے 17 کا کوروناوائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ افغان وزارت صحت کے ترجمان سعید جامی نے بتایاکہ ہماری ٹیم نے تمام 3620 شرکا کے نمونے لیے تھے اور ان میں سے 17 کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ʼجن 17 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، انہیں قرنطینہ اور علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔دریں اثنا افغانستان کے ایوان نمائندگان میں امن مشاورتی جرگے کی رکن بلقیس روشن نے لویا جرگہ میں صدر محمد اشرف غنی کی تقریر کے دوران ان پر طالبان کو رہا کرنے کا الزام لگایا۔افغانستان کے ایوان نمائندگان میں امن مشاورتی لویا جرگہ کی رکن بلقیس روشن نے کابل میں جاری لویا جرگہ میں صدر محمد اشرف غنی کی تقریر کے دوران طالبان قیدیوں کی شدید مخالف کی جس پر انہیں ہال سے نکال دیا گیا۔انہوں نے ایک پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا جس پر انہیں نے لکھا تھا کہ ʼوحشی طالبان کی رہائی ایک قومی غداری ہے۔ اس گروہ کو یہ تاوان ادا نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔