بارش، شاہراہوں اور سڑکوں پر گڑھے، اندرونی گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، انفرااسٹرکچر تباہ

August 09, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں مون سون کی حالیہ بارشوں کے دوران مین شاہراہوں اور اور انٹر ٹائون سڑکوں پر متعدد مقامات پر گڑھے پڑ گئے۔ بعض آبادیوں کی اندرونی گلیاں مکمل ٹوٹ پھوٹ گئی ہیں۔ انفراسٹرکچر تباہی شکار، حالیہ بارشوں میں سب سے زیادہ ڈی ایم سی وسطی اور غربی کی آبادیاں متاثر ہوئی ہیں،لیاری، ضلع وسطی میں نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، بفرزون، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا،اورنگی ٹاون،سرجانی ٹاون کی اندرونی گلیاں مکمل ٹوٹ چکی ہیں۔ سیوریج کا نظام تباہ ہو چکا ہے اب ہر بارش میں یہ علاقے مکمل ڈوب جاتے ہیں ان علاقوں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ وفاقی اور حکومت سندھ کو ان علاقوں کے انفراسٹرکچر کی بحالی پر فوری توجہ دینا چاہیے اور خصوصی فنڈز مختص کئے جائیں، شہر کے دیگر اضلاع کی متعدد کچی اورنشیبی آبادیوں کی گلیاں بھی ٹوٹ چکی ہیں، گہرے گڑھے ہو جانے کی وجہ سے ٹریفک کو گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، خاص کر رات میں لوڈشیڈنگ کے باعث گاڑیاں حادثات کا شکار ہو جاتی ہیں۔