آغا علی کی شکل میں اچھا دوست اور شوہر مل گیا، حنا الطاف

August 10, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی اداکارہ و میزبان حنا الطاف کا اپنے شوہر پاکستانی اداکار و گلوکار آغا علی سے متعلق کہنا ہے کہ اُنہیں ایک ہی چھت کے نیچے ایک اچھا دوست اور شوہر مل گیا ہے ۔عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر جاری لاک ڈاؤن کے دوران جہاں بہت سے لوگوں نے سادگی سے شادی کی وہیں اس نیک کام میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی چند معروف شخصیات نے بھی حصہ ڈالا اور چپکے سے سادگی سے اپنا گھر بسا لیا، حنا الطاف اور آغا علی بھی اِنہی شخصیات میں سے ہیں۔آغاز علی اور حنا الطاف نے حال ہی میں ایک چیٹ شو میں بطور مہمان شرکت کی، اس دوران حنا الطاف کا آغا علی سے متعلق کہنا تھا کہ آغا اُن کے بہت اچھے دوست ثابت ہوئے ہیں، اُنہیں ایک ہی چھت کے نیچے آغا علی کی شکل میں اچھا دوست اور شوہر مل گیا ہے ۔‘27 سالہ حنا الطاف کا کہنا تھا کہ ’شادی سے پہلے انہیں بھی متعدد لڑکیوں کی طرح خوف تھا کہ شوہر کیسا ملے گا، شادی کے بعد شوہر پابندیاں نہ لگائے یا کام پر جانے سے منع نہ کر دے۔انہوں نے کہا کہ ’مگر آج تک آغا علی نے کبھی کوئی روک ٹوک نہیں کی ہے، آغا علی کی شوبز انڈسٹری کے سب ہی فنکار اور ہدایتکاروں سے اچھی دوستی ہے، آغا علی نے انہیں کبھی منع نہیں کیا کہ فلانے اداکار یا ہدایتکار کے ساتھ کام نہ کرو۔‘انٹرویو کے دوران آغا علی کا کہنا تھا کہ ’وہ سمجھتے ہیں کہ اُنہیں کوئی حق نہیں ہے کہ شادی کر کے وہ کسی انسان کو قید کر لیں، اگر مجھ سے کوئی شادی کرے تو وہ میری ہی مرضی کے مطابق چلے۔‘34 سالہ آغا علی نے مزید کہاکہ ’ شادی سے پہلے وہ جانتے تھے کہ انہیں تھوڑا خود کو حنا کی خواہشوں کے مطابق بدلنا ہوگا اور حنا کو بھی بدلنا ہوگا خود کو اُن کے لیے۔‘انہوں نے کہا کہ ’ وہ سمجھتے ہیں کہ شادی میں اگر دونوں لوگ تھوڑی لچک دکھائیں تو زندگی بہت اچھی گزرتی ہے، اُنہیں بہت سارے لوگوں نے شادی کے بعد گزرنے والی زندگی سے متعلق بہت ڈرایا تھا۔‘