عزاداری کی راہ میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی‘ایم ڈبلیو ایم

August 10, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے پانچ نکات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوروناکے باعث ایس او پیز پر مکمل عمل کیا جائے گا تاہم عزاداری کے سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی ۔یہ بات انہوں نے اتوار کو صوبائی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ ذوالفقار علی سعیدی ، مولانا عبدالحق بلوچ اور کربلائی عوض علی ہزارہ کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام نواسہ رسولﷺامام حسین ؓاورانکے اصحاب وفا کی عظیم قربانی کا مہینہ ہے جو آل رسول نے دین اسلام کی بقاء اور اصلاح امت کی خاطر پیش کی اس عظیم قربانی کی یاد میں ہر سال مجالس،جلوس عزا داری کے پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں کچھ شرپسند عناصر تفرقہ اوراختلاف کی کوشش کرتے ہیں لہٰذا محرم کے ایام کو اتحاد بین المسلمین اور وحدت امت کے لئے مخصوص کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد وطن عزیز کیلئے ناسور بن چکے ہیں ہم اپنے شعوری ،بیداری ،وحدت اور حب الوطنی کے ذریعے ملک واسلام دشمن دہشت گردوں کو شکست دے سکتے ہیں ملکی صورتحال کے پیش نظر محرم الحرام میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں خصوصاًخواتین کے اجتماعات ،مجالس عزا میں لیڈیز پولیس کانسٹیبلز اور خواتین اسکاوٹس رضاکار کی تعیناتی ضروری ہیں قیام امن کے سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے مرکزی ،صوبائی اور ضلعی سطح پر عزاداری سیل تشکیل دیدیئے گئے ہیں انتظامیہ انکے ساتھ رابطے میں رہے ۔انہوں نے اہلسنت کے علماء کرام اور اکابرین کو دعوت دی کہ وہ عزاداری امام حسین کے جلوسوں اور مجالس عزا میں شامل ہوکر امام عالی مقام سے اپنی عقیدت ومحبت کا اظہار کریں۔