جوہی میں سیلاب سے نقصانات کا سروے شروع کردیا،صالح شاہ گیلانی

August 10, 2020

دادو کی تحصیل جوہی سے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سید صالح شاہ گیلانی نے کہا ہے کہ جوہی میں سیلاب سے نقصانات کا سروے شروع کردیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں سید صالح شاہ گیلانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر علاقے میں سیلاب سے ہونے والے نقصان کا سروے شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کے نقصان کو پورا کرنے کی کوشش کرے گی۔

دوسری طرف جوہی میں واہی باندی پل کے ساتھ پڑنے والے شگاف کو تو پُر کردیا گیا ہے لیکن واہی باندی روڈ کا بڑا حصہ سیلابی پانی میں بہہ گیا۔

سیلابی پانی کے باعث قصبہ حاجی خان، ڈرگھ بالا، شکلانی اور واہی باندی سمیت کئی دیہاتوں کا زمینی راستہ منقطع ہوجانے سے علاقے میں اشیائے خورونوش کی شدید کمی ہوگئی ہے۔