لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی بے احتیاطی شروع، عوام نے ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دیں

August 11, 2020

لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی بے احتیاطی شروع، عوام نے ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دیں

کراچی / لاہور (ٹی وی رپورٹ / اسٹاف رپورٹر/ نیوز ایجنسیز) ملک بھر میں لاک ڈاؤن ختم ہوتے ہی عوام نے بے احتیاطی شروع کردی ہے اور ایس او پیز کی دھجیاں اُڑا دیں ، مارکیٹوں میں خواتین اور بچوں کا رش لگ گیا ۔

سماجی فاصلوں کا خیال نہیں رکھا گیا اور ماسک بھی نہیں پہنے گئے ، ریسٹورنٹس اور ڈھابوں پر کھانے پینے کے شوقین افراد نے سب کچھ بھلا دیا۔

ادھر صوبائی حکومتوں نے ایس او پیز کے تحت ہدایت جاری کردیں ، سندھ حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور صوبے میں کاروبار صبح 6بجے سے رات 8بجے تک ہوسکے گا جبکہ ریسٹورنٹس 10بجے تک کھلیں گے۔

حکومت پنجاب نے بھی لاک ڈاؤن کے خاتمے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے،تمام کاروبارزندگی ایس اوپیزسے مشروط کردیاگیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومتی فیصلے کے تحت پیر سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کردی گئی ہے تاہم شہریوں کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کے لیے ضابطہ کار (ایس او پیز ) پر بالکل عمل نہیں کیا گیا۔ کراچی، لاہور،اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں بازار اور شاپنگ مالز کھل گئے ہیں جبکہ ریسٹورینٹ، کیفے اور سینما کھولنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے واضح ہدایات کے باوجود پہلے ہی دن شہریوں نے احتیاطی تدابیر ہوا میں اڑادیں اور مارکیٹوں میں خواتین اور بچوں کا رش لگ گیا۔ بازاروں میں ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے والے ڈھونڈنے سے بھی نظر نہ آئے اور ماسک لگانے والوں کی تعداد بھی انتہائی کم رہی۔

بڑے ریسٹورنٹس اور فوڈ کورٹس میں میزوں پر سماجی فاصلہ نظر آیا،لیکن ڈھابوں پر کھانے پینے کے شوقین افراد نے سب کچھ حلوہ پوری، نہاری اور چائے کے شوق میں بھلادیا۔

دوسری جانب سندھ میں لاک ڈاون کے تحت لگائی گئیں پابندیاں5؍ ماہ بعد ختم کردی گئیں ،سندھ حکومت نے ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی۔

تعلیمی ادارے اور شادی ہال 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے، محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق سندھ کورونا ٹاسک فورس کےفیصلوں کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے نئے اوقات کار ہفتے کےچھ روز تمام کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی اور سندھ میں کاروباری اوقات کار صبح چھ بجے سے رات آٹھ بجے تک ہونگے۔

ہفتے کے روز سندھ میں کاروباری سرگرمیاں رات نو بجے تک ہوں گی۔ سینما ہالز، تھیٹر ، ہوٹلز ریسٹورینٹس پر عائد پابندیاں ختم البتہ شادی ہالز اسکولز 15ستمبر تک بند رہیں گے۔

تمام کھیلوں کے میدانوں میں مشروط سرگرمیوں کی اجازت ہو گی، شائقین کے بغیر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جاسکے گا۔ سیاحتی مقامات پر پابندیاں ختم ٹورازم ہوٹلز میں رہائش کی اجازت ہو گی،بیوٹی پارلرز ،جم کھیل کےمیدانوں پر عائد پابندیاں بھی ختم کر دی گئیں ۔

حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن کے خاتمے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیاہے،تمام کاروبارزندگی ایس اوپیزسے مشروط کردیاگیا۔نوٹیفکیشن سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نے جاری کیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالوں کے علاوہ تمام کاروباری مراکزسوموار سے کھول دیئے گئے ہیں۔ مذہبی اجتماعات متعلقہ انتظامیہ کی اجازت اور ایس او پیز پر عمل درآمد سے مشروط ہوں گے۔تمام کاروباری مراکز ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کے پابند ہوں گے۔تمام قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چل سکے گی۔

کاروبار کے اوقات کار اور ہفتہ وار چھٹیاں کورونا وائرس سے پہلے والے معمول کے مطابق ہوں گی، پنجاب میں میرج اور بینکوٹ ہالز کے کاروبار کو دوبارہ فعال کرنے کے حوالے سے حکومت نے ایس او پیز جاری کر دیئے ،نوٹیفکیشن کے تحت شادی کی تقریبات میں شامل افراد ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

بزرگ اور بیمار افراد تقریبات میں شرکت سے گریز کریں ،ناگزیر حالات میں بزرگ افراد ماسک پہن کر کے شرکت کر سکتے ہیں ، تقریبات میں میرج ہالز کے اندر کل گنجائش سے 50فیصدکسٹمرز کو آنے کی اجازت دی جائے گی۔

میرج ہالز میں ایک ٹیبل پر چار کرسیاں رکھنے کی اجازت ہو گی، نوٹیفکیشن کے مطابق میرج ہالز میں کسٹمرز کے بیٹھنے اور کھڑے ہونے میں 6فٹ کے سماجی فاصلے کو لازمی برقرار رکھا جائے گا۔