آرمی چیف کی زیرِ صدارت کور کمانڈر کانفرنس، جیو اسٹریٹجک صورتحال پر تبادلہ خیال

August 11, 2020


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں قومی سلامتی اور جیو اسٹریٹجک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوا۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں قومی سلامتی اور جیو اسٹریٹجک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، آرمی چیف نے محرم کے دوران عوامی تحفظ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرز کانفرنس میں کنٹرول لائن، پاک افغان سرحد اور اندرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں افغان مصالحتی عمل کو بھی سراہا گیا اور بین الافغان مذاکرات کی جلد شروعات کی امید ظاہر کی گئی۔

آرمی چیف نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر اطیمنان کا اظہار کیا جبکہ کورونا وبا اور ٹڈی دل کے خلاف سول انتظامیہ کی مدد کو بھی سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے محرم کے دوران پبلک سیفٹی کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات اور کورونا گائیڈلائنز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

آرمی چیف نے بلوچستان اور سندھ میں حالیہ سیلاب میں پاک فوج کی امدادی کاروائیوں کی تعریف کی۔

انہوں نے حالیہ کراچی میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے میں فوجی جوانوں کی خدمات کو سراہا۔

آرمی چیف نے ہدایات دیں کہ موجودہ سیلابی صورتحال پر نظر رکھی جائے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔