گوجرانوالہ، شادی سے انکار پر لڑکی کو گولی مار کر نوجوان کی خودکشی

August 13, 2020

گھر والوں کے راضی نہ ہونے پر لڑکی نے شادی سے انکار کیا تھا

گوجرانوالہ میں شادی سے انکار پر نوجوان نے لڑکی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ لڑکی پر فائرنگ کے بعد مبینہ طور پر نوجوان نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چیمہ کالونی میں پیش آیا۔ اہل خانہ اور پڑوسیوں کے بیانات کے مطابق گھر والوں کے راضی نہ ہونے پر لڑکی نے قدیر نامی نوجوان سے شادی سے انکار کر دیا تھا۔ قدیر ملنے کے بہانے آیا اور لڑکی پر فائرنگ کردی اور مبینہ طور پر خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

پولیس کے مطابق لڑکی کو 4گولیاں لگیں جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اہل خانہ اور پڑوسیوں کے بیانات کے علاوہ وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔