سینما کیلئے ایس او پیز سے مالکان فلم ڈسٹری بیوٹرز و اداکار پریشان

August 14, 2020

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کورونا وائرس کے باعث عائد کردہ لاک ڈاؤن میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں سینماکی رونقوں کو بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔سنیما انڈسٹری کھولنے کے لیے حکومت نے بعض قواعد و ضوابط (ایس او پیز) جاری کیے ہیں۔لیکن ماہرین کے مطابق حکومت کی ریستوران، شاپنگ مالز اور پارکس کے لیے طے شدہ ہدایات کے مقابلے میں سنیما انڈسٹری کے لیے تجویز کردہ ایس او پیز کو نافذ کرنا سنیما مالکان کے لیے مشکل دکھائی دیتا ہے۔ان قواعد و ضوابط کو نافذ کرنے کے لیے سنیما مالکان کو بہت وقت درکار ہو گا۔حکومتِ پاکستان کی جاری کردہ اہدایات کے مطابق تمام سنیما ہالوں میں صرف 40فی صد نشستوں پر بیٹھنے کی اجازت ہو گی۔ ایک فلم بین کی سیٹ کے آگے، پیچھے، دائیں اور بائیں نشست خالی ہو گی۔حکومتی ہدایت کے مطابق سنیما میں کون کون سی نشستیں خالی ہیں، یہ بتانے کا انتظام بھی کیا جائے اور خیال رکھا جائے کہ جو بھی فلم سنیما میں دکھائی جائے اس کا دورانیہ صرف 40 منٹ سے ایک گھنٹہ ہو۔حکومتی ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ لوگوں کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ قائم رکھنا ضروری ہو گا۔