قبضہ مافیاکے خلاف تحقیقات اورکارروائی کی جائے،افتخارخان

August 14, 2020

پشاور( نیوزڈیسک)خیبر پختونخوامحکمہ پولیس کے ریٹائرڈ ڈی آئی جی افتخار خان کی اضاخیل میں واقع 160کنال ذاتی جائیداد پر قبضہ کرنے کیخلاف بالآخر میدان میں آگئے اور صوبائی حکومت اور پولیس افسران سے قبضہ مافیا کیخلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔سابق ڈی آئی جی بنوں ریٹائرڈ کیپٹن افتخار خان نے بتایا کہ اضاخیل میں 160کنال ذاتی جائیداد ہے جہاں پر مردان سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے اور اسکے ساتھی قبضہ جمانے کیلئے مختلف طریقوں سے انہیں نہ صرف حراساں کررہےہیں بلکہ مقامی انتظامیہ ،پولیس اور دیگر چند مخصوص افراد قبضہ جمانے کیلئے غیر قانونی کارروائیوں میں مصروف ہیں انہوں نے الزام عائد کیا کہ قبضہ مافیا اور انکے ساتھ دیگر کام کرنیوالے گروپس کا ایک مخصوص انداز ہے کہ وہ کسی دوسرے فرد کی جائیداد کے قریب ہی چند مرلے یا کنال زمین خرید لیتے ہیں اور پھر دوسری جائیداد پر خود کو قابض کردینے کیلئے کام شروع کردیتے ہیں انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود 14مارچ 2020کو تھانہ اضاخیل میں روزنامچہ رپورٹ بھی درج کی ہے لیکن پولیس ڈیپارٹمنٹ سے کئی سالوں تک وابسطہ ہونے کے باوجود بھی کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی اور بالآخر مجبور ہو کر قبضہ مافیا کے خلاف میڈیا کا سہارا لیا۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قبضہ کے خلاف فوری طور تحقیقات مکمل کرکے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔