سکھر میں پاکستان کا دوسرا بڑا قومی پرچم لہرا دیا گیا

August 14, 2020

سکھر میں یوم آزادی پر پاکستان کا دوسرا بڑا قومی پرچم لہرا دیا گیا، فضا پاکستان زندہ باد پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، کور کمانڈر کراچی اور میئر سکھر نے پرچم لہرایا۔

سکھر میں لب مہران واکنگ ٹریک پر 84 فٹ لمبا اور 56 فٹ چوڑا پرچم 300 فٹ بلندی پر لہرایا گیا، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز اور میئر سکھر ارسلان شیخ نے پرچم کشائی کی۔

اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد پائندہ باد اورپاک افواج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز نے کہا کہ پاکستان قربانیوں سے معرض وجود میں آیا اور اسے قربانیوں سے ہی ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے صرف پاک افواج نے ہی نہیں بلکہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی قربانیاں دی ہیں، جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام نے بھی جو قربانیاں دیں وہ بے مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر پرناجائز طور پر قابض ہے، پاک افواج اورعوام اس جنگ میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔