منتخب ہوکر آیا ہوں، عدالت کہتی ہے گھر جائو، میئر کراچی وسیم اختر

August 15, 2020

کراچی (جنگ نیوز/اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ عدلیہ کہتی ہے کراچی کی جان چھوڑو اور گھر جاؤ، عوام نے ووٹ دیا ہے جیل میں رہ کر الیکشن جیتا ہوں۔ چیف جسٹس سے کہتا ہوں کہ میری پٹیشن پر بھی فیصلہ کریں۔میرے جانے سے کراچی کو پانی مل جاتا ہے تو میں فوراً استعفیٰ دے دیتا ہوں۔ جیل سے الیکشن جیتا ہے، دنیا کا واحد میئر ہوں جس نے جیل سے الیکشن جیتا ہے۔کراچی میں ضلع شرقی کی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ جشن آزادی کی خصوصی تقریب کے شرکا سے خطاب میں میئر کراچی وسیم اختر نے پورے ملک کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی، انہوں نے کہا کہ مجھ پر ایک دن میں چالیس، چالیس ایف آئی آر کٹیں، کیا عدلیہ کو یہ نظر نہیں آتا، میری پٹیشن پر فیصلے کیوں نہیں سناتے۔ چیف جسٹس صاحب آپ 30 اگست سے پہلے میری پٹیشن پر فیصلہ سنائیں۔اسٹاف رپورٹر کے مطابق مزار قائد پر حاضری دینے اور کراچی کے شہریوں کی جانب سے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمیئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ30 اگست کو بلدیاتی نظام کی چار سالہ مدت پوری ہورہی ہے میئر کی حیثیت سے آخری بار مزار قائد پر حاضر ہوا ہوں۔