پہلی ستمبر سے بزرگوں کی پنشن گھر پر پہنچائیں گے، زلفی بخاری

August 15, 2020


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ پہلی ستمبر سے بزرگوں کو گھر پر جاکر پنشن دیں گے۔

کھیوڑہ میں ایمپلائز اولڈ۔ایج بینیفیٹس انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں زلفی بخاری نے کہا کہ مجھے پتا ہے زیادہ تر پنشنرز کھیوڑہ میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم دوسری حکومتوں کی طرح نہیں کہ جو وعدہ کرکے بھول جائیں گے، ہم نے 2 سال میں پنشن ساڑھے 8 ہزار روپے کردی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ پچھلے 3 ماہ میں ہم نے 30 ارب روپے جمع کیے، ای او بی آئی کو ڈیجیٹلائز کررہے ہیں، نجی بینک سے آپ کو پنشن براہ راست آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنشن پر آپ کو کریڈ ٹ کارڈ ملے گا اور قرض کی سہولت بھی ملے گی، ہم مزدور کو گھر بھی بناکر دیں گے، آپ خود بھی ای او بی آئی میں رجسٹرڈ کرسکیں گے۔

زلفی بخاری نے کہا کہ ای او بی آئی کی سمری وزارت قانون کو بھیجی ہے، ہر وہ شخص ای او بی آئی کا حقدار ہوں گا جو کام کرتا ہے، فری لانس جرنلسٹ اور کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین بھی ان میں شامل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے محرم ایس او پیز کے مطابق گزاریں کیونکہ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔

اس سے قبل تقریب سے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے خطاب کیا اور کہا کہ ہم الیکشن کے دوران جو بھی وعدے کیے تھے وہ پورے کیے ہیں۔