جشن آزادی اور ماضی کے بھوت

August 16, 2020

واہ! آزادی کے متوالوں کا کیا خوب جشنِ آزادی ہے۔ دُنیا بھر میںکہیں آزادی کا جشن ایسے جوش و خروش سے نہیںمنایا جاتا جیسے لاہور اور پاکستان کے دیگر شہروں میں۔ آزادی کے اس والہانہ اظہار پر آزادیٔ جمہور کا خواب تازہ ہو جاتا ہے اور ساتھ ہی ہر نقشِ کہن کو مٹانے کی آس کی کسک بے چین کر دیتی ہے۔ جشنِآزادی پہ علامہ اقبال کا یہ مصرعہ ذہن میںکوند جاتا ہے: اِک جذبۂ پیدائی، اِک لذتِ یکتائی۔

لیکن ساتھ ہی اس پیرانہ سالی میںیہ تلختاریخی احساس بھی دل و جان کو آن گھیرتا ہے اور اقبال ہی کے مصرعے میں: تو شاخسے کیوںپھوٹا، میں شاخسے کیوںٹوٹا۔ اس کے لیے تاریخکے گم گشتہ صفحات پھرولنے پڑیںگے۔ برصغیر ہند کا لفظ فارسی زبان کے لفظ ’’ہندوس‘‘ سے نکلا ہے جو ہندوستان میںبدل گیا اور سنسکرت کا لفظ ’’سندوس‘‘ بھی اس کا مخرج لگتا ہے یعنی سندھ کا عقب۔ بعد ازاں ہند اور سندھ کی اصطلاح بھی تاریخی حوالہ بنتی گئی۔

عجب بات ہے کہ وادیٔ سندھ میںجو مذاہب پھیلے وہ ذات پات کی تفریق سے پاک تھے اور ستلج کے اُس پار جاتی واد کا راج تھا اور وادیٔسندھ یا سپت سندھو اس سے محفوظ تھا۔

حملہ آور آریائوںسے پہلے یہاںکے قدیم باشندے دراوڑ کہلائے جو آج کے تامل ہیںجنہیں سری لنکا میںتہِ تیغ کر دیا گیا۔ لیکن اشوک کے سواکسی زمانے میں ہندوستان کوئی ایک ملک نہ تھا، نہ ہی کوئی ایسی ایک واحد تہذیبی سنہری بنیاد جس پر ایک بے جوڑ کہری ہندو تہذیب کی بنیاد رکھی جا سکتی۔

انڈین تاریخ دان رومیلا تھاپر نے اپنی کتاب انڈین کلچر اینڈ ہیریٹج اور انڈین ثقافت پہ اپنے لیکچرز میں ہندوتوا کے نظریہ دانوںکی اِک سنہری نشاۃِثانیہ کی معتصبانہ اور ماورائی صنم تراشی کی خوب قلعی کھولی ہے اور جاتی واد، دھرم واد اور رام راج کی خوب نندیا کی ہے۔ پھر دہلی کی سلطنت قائم ہوئی اور اس سے برسرِپیکار رجواڑے اور اُن کے مابین علاقہ خوری کی جنگیں۔

جس سومنات مندر کی لوٹ پر بعضمسلم تاریخ دان خوب بغلیں بجاتے ہیں وہ بھول جاتے ہیں کہ اپنے 17 حملوںمیں اُس نے برصغیر کو کس ظالمانہ طریقے سے تاراج کیا اور مسلمانوںسمیت کسی کو نہ بخشا اور بہت سے ہندو تاریخ دان یہ فراموش کر بیٹھتے ہیں کہ یہ عرب تاجر تھے جنہوں نے سومنات سمیت دیگر مندروںکو بچانے کی کوشش کی۔

جس اورنگزیب کے گیت ہم گاتے نہیں تھکتے اُس نے خود اپنے بھائیوںکے ساتھ کیا کیا اور وہ کس طرح ہندو مسلم تعلقات میںتاریخی کانٹے بچھا گیا۔ ہر دو اطراف کے فرقہ پرست یہ بھی بھول جاتے ہیں کہ صوفیائے کرام کی آمد سے بہت پہلے بھگتی لہر کے mystics، تلسی داس، کبیر، رحیم، میرا بائی اور دوسرے بہت سے شعرا اور مغنیوں نے انسانیت اور انسانی بھائی چارے کے گیت گائے۔ کبیر نے کیا خوب کہا تھا:

مو کو کہاں ڈھونڈے رے بندے! میں تو تیرے پاس میں!

نا صورت میں نا مورت میں، نا ایکانت نواس میں،

نا مندر میں نا مسجد میں، نا کعبۂ کیلاش میں

یہی کچھ ہمارے صوفی شعرا کہتے گزر گئے اور آج بھی ہمارے دلوںمیںبستے ہیں۔ بابا بلھے شاہ نے کیا خوب کہا تھا: سجدے کر دیاں گھس گئے متھے نہ رب تیرتھ نہ رب مکے۔

افغان، عرب اور ترک النسل حملہ آوروںکو جانے کیوںمسلم حملہ آوروں کا نام دیا گیا۔ جبکہ انگریز حملہ آوروں کو کسی نے عیسائی حملہ آور نہیںکہا۔ احمد شاہ ابدالی نے لاہور اور دلی سمیت شمالی ہندوستان میںکیا کیا مظالم نہیں ڈھائے جسے ہمارے افغان بھائی اپنا قومی ہیرو قرار دیتے کوئی خفت محسوس نہیںکرتے، خود شاہ ولی اللہ افغان حملہ آوروں کو دعوتِ جہاد دینے پر کتنے نادم ہوئے اور بلھے شاہ نے کہا:در کھلا حشر عذاب دا، برا حال ہویا پنجاب دا۔ (جانے کیوںہمارے میزائلوںکے نام ابدالی اور غوری کے ناموں پہ رکھے گئے؟)

مغلیہ سلطنت کے عروج میںاور اکبر اعظم کے زمانے میںصلح کُل کا نقارہ بجتا تھا اور ایک ’’قومی ریاست‘‘ کی تشکیل کے دوسرے مرحلے کے عناصر تشکیل پا گئے تھے۔ جب دلی کی سلطنت کا زوال ہوا تو انگریزوںکے خلاف 1857 کی جنگِآزادی لڑی گئی جس میںہندو مسلم سب شامل تھے۔ اس کی خون آشام ناکامی پر برطانوی راج قائم ہوا۔

ہندوستان میںڈنڈے اور جدیدیت کے زور پر ایک نوآبادیاتی ریاست قائم ہوئی۔ اینگلو سیکسن قوانین، عدالتی و پولیس نظام، سول سروس و انتظامیہ، افواج، ریلوے اور نظامِمواصلات، جدید تعلیم و صحت کا نظام اور زمین کا بندوبست استمراری۔ انگریز آقا، باجگذار جاگیردار اور رجواڑے اور کالے صاحبوںکی مدد سے ’’تقسیم کرو اور حکومتکرو‘‘ کی حکمت عملی کارفرما ہوئی۔ پھر جدوجہدِآزادی کا آغاز ہوا۔

ایک طرف اودھ اور دہلی کی شاہیوں کے زوال پہ مسلم اقلیتی علاقوں میںاحساسِ محرومی بڑھا اور وہاںسرسیّد احمد خاں اور اُن کے علی گڑھ کالج نے مسلم قومیت کے تصورات کو بڑھاوا دیا۔ دوسری طرف کانگرس بنی اور گاندھی جی مہاتما ہوئے اور محمد علی جناحہندو مسلم اتحاد کے سفیرِاعظم۔ ہندو مسلم اتحاد کا بڑا مظاہرہ لکھنؤمعاہدے کی صورت سامنے آیا جو بعد ازاں نہ چل سکا۔

مسلم لیگ کی بنیاد پہلے ہی ڈھاکہ میںپڑ چکی تھی۔ ایک بڑا واقعہ تحریکِبحالیِخلافتِ عثمانیہ اور ترک انڈیا کی تحریک سے ہوا۔ جہاںگاندھی جی نے اس کی حمایت کی وہاںجناح صاحب اس کے مخالف تھے۔ سیکولر جناحگاندھی جی کے مذہبی بھیس اور ہندو بیانیے کے بڑے شاکی تھے اور جاگیرداروںنوابوںکی انگریزوں کی وفادار مسلم لیگ سے نااُمید۔

یہی وقت تھا جب 1925 میںراشٹریہ سیوک سنگھ کی بنیاد رکھی گئی جو ہٹلر کی فسطائیت سے متاثر تھی لیکن جنگِ آزادی سے باہر رہی اور ایک ہندو قوم، ایک زبان اور رام راج یا ہندو راشٹرہ کی مالا جپتی تھی۔ کانگریس میں بھی ہندو تنگ نظر اور سیکولر رجحان شروع سے تھے جس کا اظہار گوکھلے اور تلک کے رجحانات میںہوتا رہا۔

سبھاس چندر بوس کی انڈین نیشنل آرمی اگر کٹر انگریز مخالف تھی تو فسطائی جرمنی و جاپان کی اتحادی بھی جبکہ ڈاکٹر امبیدکر ذات پات کے مخالف سماج وادی رہنما تھے۔ جواہر لعل نہرو ایک سوشلسٹ اور سیکولر رہنما تھے، جبکہ جناح ایک لبرل سیکولر آئین پرست اور ملائیت و ہندتوا کے کٹر مخالف۔

تاآنکہ 1940 میںقراردادِ لاہور پاس ہو گئی جس میںمسلم اکثریت کے علاقوں پر مشتمل مقتدر زونز اور خودمختار اکائیوںپر اصرار کیا گیا اور مختلف مذہبی اکثریتوں کے علاقوںمیں اقلیتوں کے مساوی حقوق کو یقینیبنانے پر زور دیا گیا۔

ایک عجب تضاد جو اُبھر کر آیا وہ یہ تھا کہ نظریۂپاکستان کا زور اقلیتی مسلم علاقوںمیںرہا۔ جبکہ مسلم اکثریتی علاقوں میںاس کی پذیرائی نہ ہونے کے باوجود، پاکستان وجود میں آیا بھی تو ان مسلم اکثریتی علاقوںکی بنیاد پر جنہیں ہم آج وفاقی اکائیاںکہتے ہیں۔

1946 میںقائداعظم نے تو کیبنٹ مشن پلان کے تحت ایک ڈھیلے وفاق اور خودمختار اکائیوںپہ صاد کر لیا تھا، لیکن کانگریس کی قیادت راضی نہ ہوئی اور پارٹیشن کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پارٹیشن پلان پر کانگریس اور مسلم لیگ متفق ہو گئے، لیکن قائداعظم پنجاب اور بنگال کی تقسیم کے خلاف آخری وقت تک لارڈ مائونٹ بیٹن سے بحث کرتے رہے۔

لیکن وقت گزر چکا تھا اور نہ صرف پنجاب اور بنگال بلکہ پورا ہندوستان فرقہ وارانہ فسادات کی نذر ہو گیا۔ یوںہندوستان اور پاکستان کو ایک خون میںنہاتی ہوئی اور گہنائی ہوئی آزادی ملی، جس پہ فیض نے کہا تھا:

یہ داغ داغ اُجالا یہ شب گزیدہ سحر

وہ انتظار تھا جس کا یہ وہ سحر تو نہیں