کراچی، قائد آباد کے قریب سکھن ندی کا بند ٹوٹ گیا

August 26, 2020

کراچی کے علاقے قائد آباد کے قریب سکھن ندی کا بند ٹوٹ گیا جس کے باعث ماروی گوٹھ اور مدینہ ٹاؤن کے متعدد گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔

کراچی میں موسلا دھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، سڑکیں مکمل ڈوب چکی ہیں اور پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ پاکستان اور یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ سڑکیں تالاب بننے کے بعد لوگوں کی آمد و رفت تقریباً بند ہوچکی ہے۔

کراچی کی کئی آبادیوں میں اب بھی بارش کا پانی موجود ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کئی سٹرکوں پر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہو گئیں اورکئی علاقوں میں پی ایم ٹیز میں دھماکے ہوئے اور تار ٹوٹ گئے۔

ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کورنگی کراسنگ روڈ بند کردیا گیا جبکہ کورنگی کازوے پہلے ہی بندہے۔

دوسری جانب گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں دب گئیں۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ کراچی کے نالے اور ان کے چوک پوائنٹ کلیئر کر دیئے ہیں۔ گجر نالے سمیت بڑے نالوں میں ایف ڈبلیو او کی 9 ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

کراچی میں گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش فیصل بیس پر ایک سو ستائیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے جمعرات کی صبح تک مزید بارش کا امکان ظاہر کیاہے۔