• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی میں موسلا دھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، سڑکیں مکمل ڈوب چکی ہیں اور پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا۔

شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ پاکستان اور یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔

سڑکیں تالاب بننے کے بعد لوگوں کی آمد و رفت تقریباً بند ہوچکی ہے اور گھروں سے باہر نکلے ہوئے شہری پانی میں پھنسے ہوئے ہیں۔

نیا ناظم آباد میں بھی سیلابی صورت حال ہے جبکہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پانی ان کے گھروں میں داخل ہوچکا ہے، اور گھر کا سامان خراب ہونے کی صورت میں انہیں لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہوچکا ہے۔

شہر میں صبح سویرے شروع ہونے والی بارش نے شہر میں جل تھل کردیا۔ ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کورنگی کراسنگ روڈ بند کردیا گیا جبکہ کورنگی کازوے بند پہلے ہی بند کیا جاچکا ہے، گودام چورنگی کا ٹریفک جام صادق پل کی جانب موڑ دیا گیا۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بلوچ کالونی سے جانے والوں کو قیوم آباد بھیجا جارہا ہے، شہری پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستہ اختیار کریں۔

دوسری جانب گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، پہاڑی تودہ گرنے سے متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں دب گئیں۔

گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس، منظور کالونی، سائٹ ایریا، نارتھ ناظم آباد، صدر، شاہراہ فیصل نرسری، کلفٹن، ملیر، شاہ فیصل کالونی، باغ کورنگی، الفلاح، لیاری، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، واٹرپمپ اور سرجانی سمیت دیگ علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

بارش کا سلسلہ شروع ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شہر قائد میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات آٹھ بجے تک جاری رہ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں صبح سے بارش کا سلسلہ وقفے وفقے سے جاری ہے۔

کہاں کتنی بارش ہوئی؟

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سب سے زیادہ بارش پی اے ايف فيصل بيس پر 118 ملی ميٹر اور سب سے کم پی اے ايف مسرور بيس پر 50 ملی ميٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسميات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صبح 8 سے دوپہر 2 بجے تک پی اے ايف فيصل بيس پر سب سے زیادہ 118 ملی ميٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صدر میں 77 ملی ميٹر بارش ہوئی، ناظم آباد میں 76.6 ملی ميٹر بارش ريکارڈ کی گئی۔ گلشن حديد میں 72، موسميات پر 71.2 اور لانڈھی میں 69.5 ملی ميٹر بارش ہوئی۔

اسی طرح يونيورسٹی روڈ پر 68.8، جناح ٹرمینل پر 57.2 اور پی اے ايف مسرور بيس پر 50 ملی ميٹر بارش ہوئی۔

شہر میں ہونے والی شدید بارش نے اربن فلڈ کی صورتحال پیدا کردی ہے اور مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے، شہر کے متعدد علاقوں میں پانی گھروں میں بھی داخل ہوگیا ہے۔

تازہ ترین