کراچی، گجر نالے پر تجاوزات آپریشن شروع

September 02, 2020


کراچی کے گجر نالے پر قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، پیالہ ہوٹل کے قریب گجرنالے کے اطراف پہلے مرحلے میں باڑے، دکانیں اور دیگر تجاوزات گرائی جا رہی ہیں۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری کے علاوہ سوئی گیس اور کے الیکٹرک کی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق ندی نالوں کے دونوں طرف 30 فٹ کی جگہ کلیئر کی جائے گی۔

واضحرہے کہ شہر میں ندی نالوں پر قائم تجاوزات کے خلاف میگا آپریشن کا پہلا مرحلہ آج سے شروع کیا گیا ہے ، آپریشن کا آغاز گجر نالہ سے ملحق آبادی سے ہوا ہے ۔

گزشتہ شب ایف سی ایریا کی مساجد سے اعلان کیا گیا کہ ڈی سی سینٹرل کی ہدایت ہے کہ تمام مکین بدھ کی صبح 7 بجےگھر خالی کرکے سامان کے ساتھ دوسری جگہ منتقل ہوجائیں جس کے بعد آپریشن شروع ہوجائے گا۔

مساجد سے ہونے والے اعلانات کے بعد ان علاقوں کے مکینوں میں تشویش کی لہر پیدا ہوگئی، لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور احتجاج کیا۔

پہلے مرحلےمیں پنجاب کالونی، کرسچن کالونی ، ایف سی ایریا، کے علاوہ موسی کالونی اور مجاہد کالونی کے کچھ علاقے بھی شامل ہیں جن کے مکانات بدھ کو مسمار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔