سُشانت اور انکتا لوکھنڈے کا رشتہ کیوں ختم ہوا؟

September 02, 2020

خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سشانت سنگھ راجپوت اور ٹی وی اداکارہ انکتا لوکھنڈے نے 6 سال ریلیشن شپ میں رہنے کے بعد ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی، دونوں کے اس فیصلے نے اُن کے مداحوں کے دل توڑ دیے جبکہ انہوں نے ایسا کیوں کیا اس کی وجہ اب تک سامنے نہیں آئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی ) اس بات کی تحقیق کررہی ہے کہ سشانت کی موت کیسے ہوئی، اس حوالے سے آئے دن نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں، سشانت سنگھ خودکشی معاملے میں اُن کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کو خاندان سمیت شامل تفتیش کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت کئی لڑکیوں کے ساتھ ریلیشن شپ میں رہے لیکن انکتا لوکھنڈے وہ واحد اداکارہ ہیں جن کے ساتھ سوشانت 6 سال ریلیشن شپ میں رہے۔ دونوں کے اہل خانہ بھی اس رشتے سے خوش تھے اور دونوں شادی کرنا چاہتے تھے۔

لیکن پھر اچانک ایسا کیا ہوگیا کہ دونوں نےاپنے 6 سال کے اس رشتے کو توڑ دیا۔

سشانت اور انکتا کی جوڑی کا شمار ٹی وی کی بہترین جوڑیوں میں ہونے لگا تھا، ان دونوں نے ایک ڈانس رئیلٹی شو ’جھلک دکھلا جا‘ میں بھی حصہ لیا تھا اور وہیں سشانت نے مادھوری دکشٹ اور پریانکا چوپڑا کے سامنے انکتا کو شادی کی پیشکش کی تھی۔

سشانت نے انکتا کو شادی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ’اتنے دنوں سے جو میں کھل کر نہیں کہہ پا رہا تھا وہ آج کہتا ہوں۔‘ سشانت نے انکتا کی آنکھوں میں دیکھتے ہوئے مزید کہا کہ’تم اتنی خوبصورت ہو کہ تمہارے لیے سات خون بھی معاف اور میں اگلے سات جنم تک تمہارا ساتھ چاہتا ہوں۔‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2016 میں یہ دونوں شادی کے بندھن میں بندھنے والے تھے لیکن پھر معلوم نہیں کہ ایسا کیا ہوا کہ اسی سال دونوں کا رشتہ ختم ہوگیا۔ اس حوالے سے سشانت اور انکتا نے کبھی بھی بات نہیں کی لیکن انکتا جانتی تھیں کہ سشانت اُن سے بے حد محبت کرتے ہیں اور وہ اُنہیں دھوکا نہیں دے رہے۔

سشانت نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ خود کو بے حدخوش نصیب سمجھتے ہیں کہ انکتا اُن کی زندگی میں آئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سشانت ایک منٹ کے لیے بھی انکتا سے دور ہوتے تو وہ اُنہیں فون لگانا اور میسجز کرنا شروع کر دیتی تھیں۔ سشانت نے انکتا کو سمجھایا کہ وہ ہر وقت اُن کے پاس نہیں رہ سکتے، انکتا نے کچھ عرصہ تو ایسا نہیں کیا لیکن پھر دوبارہ انہوں نے ایسا کرنا شروع کردیا۔

انکتا کے بار بار ایسا کرنے پر سشانت الگ طرح سے ردعمل کا اظہار کرنے لگے تھے۔ انہوں نے انکتا سے کہہ دیا کہ وہ کسی اور کو ڈیٹ نہیں کر رہے، وہ اپنے رشتے کو لے کر اوپن ہیں۔

سشانت نے کبھی انکتا سے یہ نہیں پوچھا کہ وہ کہاں ہیں۔ بالآخر اُن کا یہ رشتہ بچ نہیں پایا اور آہستہ آہستہ ٹوٹ گیا۔

انکتا لوکھنڈے سے بریک اپ کے بعد سشانت سنگھ کافی ٹوٹ گئے تھے جبکہ سشانت کی موت کے بعد ڈاکٹرز نے بھی اس بات کو قبول کیا کہ سشانت انکتا کے ساتھ اپنے رشتے کو بھول نہیں پا رہے تھے۔