• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریا کے بھائی کا ڈرگ ڈیلر سے رابطوں کا انکشاف

آنجہانی بھارتی ہیرو سُشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کے بھائی کا ڈرگ ڈیلر سے رابطوں کا انکشاف ہوا ہے۔

14 جون کواپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بھارتی ہیرو سشانت سنگھ کی خود کشی سے متعلق تاحال تحقیقات جاری ہیں جن کے نتیجے میں آئے دن نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں، سُشانت سنگھ قتل کیس میں اُن کی گرل فرینڈ ریا چکروتی  کو خاندان سمیت شامل تفتیش کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز بھارتی تحقیقاتی ادارے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی ) کی جانب سے نئی معلومات میڈیا کے ساتھ شیئر کی گئی ہی جن کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کے بھائی شویک کی کچھ واٹس ایپ چیٹ کی جانچ پڑتال کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شویک کے ڈرگ ڈیلرز کے ساتھ روابط تھے ۔

سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے مطابق شویک چکروتی کے ڈرگ ڈیلر سے نشہ آور مواد حاصل کرنے سے متعلق رابطوں کے شواہد ملے ہیں ۔

سی بی آئی کی جانب سے شیئر کی گئی معلومات کے مطابق شویک چکروتی  نے ڈرگ ڈیلر سے رابطہ کیا اور نشہ آور مواد مانگا جس پر ڈرگ ڈیلر کی جانب سے نشہ آور مواد  دینے کی حامی بھی بھری گئی تھی۔

سی بی آئی کے مطابق شویک چکروتی کی چیٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ شویک نے ڈرگ ڈیلر سے کسی ’ ڈیڈ‘ نامی فرد کے لیے نشہ مانگا تھا، سی بی آئی کا کہنا ہے کہ شویک نے یہ نشہ آور مواد اپنے والد کے لیے مانگا یا یہ ’ڈیڈ‘ کسی فرد کا نِک نیم یا کوڈ نیم ہے تا حال اس پر تفتیش جاری ہے ۔

دوسری جانب بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے ایک نشہ فروش کو گرفتار کیا گیا ہے جس نے ریا چکروتی اور اُس کے بھائی شویک چکروتی سے رابطوں کی تصدیق کی ہے۔

سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکروتی کے والد کو سی بی آئی کی جانب سے منشیات سے متعلق تفتیش کے لیے دوسری بار پیشی کے لیے سمن جاری کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ تحقیقات کرنے والے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے افسران نے بھارتی میڈیا کو واضح طور پر بتایا ہے کہ اب تک ہونے والی تحقیقات میں انہیں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے جس کی بنیاد پر یہ کہا جاسکے کہ سشانت سنگھ راجپوت کو قتل کیا گیا ہے۔

سی بی آئی افسران کا مزید کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات اب بھی جاری ہیں۔ 

تازہ ترین