ارمینہ خان کا شوہر کیلئے محبت بھرا پیغام

September 07, 2020

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی اداکارہ ارمینہ خان نے شوہر فیصل خان کی سالگرہ کے موقع پر محبت بھرا پیغام شیئر کیا ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ نے شوہر کے ہمراہ ماضی میں ترکی میں لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے فیصل خان کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’میں نے آپ کو بہترین اور بدترین، شکست و ناکامی کے لمحات میں ثابت قدم پایا ہے۔‘


اداکارہ نے لکھا کہ ’میں نے آپ کے ساتھ شکست کے لمحات دیکھے ہیں اور ساتھ ہی ناکامیوں سمیت کامیابیوں کو انجوائے بھی کیا ہے کیونکہ ناکامی کے بغیر کامیابی کیا ہے؟ مجھے فخر ہے کہ میں نے یہ تمام لمحات آپ کے ساتھ دیکھے ہیں۔ ‘

انہوں نے لکھا کہ ’وہ امید کرتی ہیں کہ یہ سفر ایسے ہی جاری رہے گا، خدا آپ کو خوشیوں بھری لمبی زندگی دے۔‘

ساتھ ہی اداکارہ نے اس خصوصی دن فیصل سے دور ہونے کا شکوہ بھی کیا اور امید ظاہر کی کہ اگلی سالگرہ میں وہ ضرور فیصل کے ساتھ ہوں گی۔


اہلیہ کے اس پیغام کے جواب میں فیصل خان نے ارمینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ اگر آپ میرے اس یادگار دن آپ میرے ساتھ ہوتیں تو بہتر ہوتا، اور اگر کشمیر آزاد ہوجاتا تو یہ سالگرہ بہترین سالگرہ ہوجاتی۔

خیال رہے کہ فلم ’جانان‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی ارمینہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر رواں سال ویلنٹائینز ڈے کے موقع پر اپنے قریبی دوست کو ’شوہر‘ کہا تھا اور ساتھ ہی شادی کی تصدیق بھی کی تھی۔

ارمینہ خان اور فیصل خان دونوں ایک دوسرے کو بچپن سے جانتے ہیں اور دونوں کے درمیان انتہائی خوشگوار اور اچھے تعلقات ہیں۔

منگنی کے بعد سے ہی ارمینہ نے متعدد تقاریب پر منگیتر کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کیں اور اپنی محبت کا اظہار کرتی دکھائی دی ہیں۔