کمسن بچی کا اغوا و زیادتی، چھاپے کے دوران اورنگی کی بچی بھی مل گئی

September 10, 2020

کراچی کے جناح اسپتال کے گائنی وارڈ میں سرجیکل ماسک اور پانی بیچنے والی کم عمر لڑکی کو اغوا کرکے دھابیجی میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، موقع پا کر فرار بچی کے انکشاف پر پولیس نے دھابیجی میں چھاپا مار کر خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، مکان سے اورنگی ٹاون سے اغواء کی گئی ایک اور بچی بھی مل گئی۔

پولیس کے مطابق جناح اسپتال کی قریبی آبادی بزرٹا لائن کی کرسچن کالونی کے رہائشی محمد ادریس نے 7 ستمبر کو صدر تھانے میں ایف آئی آر درج کروائی کہ 6 ستمبر کو ان کی 10 سالہ بچی روبی گھر کے قریب واقع جناح اسپتال کے گائنی وارڈ میں معمول کے مطابق سرجیکل ماسک اور پانی کی بوتلیں بیچنے کے لیے گئی تھی جو مقررہ وقت پر گھر واپس نہیں آئی تو انہوں نے تلاش شروع کی۔ رات بھر تلاش بسیار کے باوجود بچی کا پتہ نہیں چلا۔

ایس ایچ او صدر تھانہ ارشد آفریدی کے مطابق انہوں نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ بشیر بروہی کے مطابق مغوی بچی دو روز قبل گھر پہنچ گئی تھی جس نے بیان دیا کہ اسے ایک شخص نے جوس پلا کر نیم بے ہوش کیا اور اسے اغوا کر کے دھابیجی لے گیا۔

بچی کے بیان کے مطابق ملزم نے دھابیجی میں ایک مکان میں لے جا کر اس کے ساتھ زیادتی کی۔ وہ موقع پا کر مکان سے بھاگ نکلی اور گھر پہنچ گئی۔

بشیر بروہی کے مطابق تفتیشی ٹیم نے بچی کا میڈیکل کروایا تو رپورٹ میں بچی کیساتھ زیادتی کی تصدیق ہوئی۔

ایس ایس پی انوسٹیگیشن ساؤتھ کا کہنا ہے کہ بچی کی نشاندہی پر پولیس نے دھابیجی میں چھاپہ مار کر ایک ملزم غلام رسول کو گرفتار کرلیا۔

بشیر بروہی کے مطابق چھاپے کے وقت اس مکان سے ایک اور بچی ملی جسے اورنگی ٹاؤن سے اغوا کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی انوسٹیگیشن ساؤتھ کے مطابق صدر انوسٹی گیشن کی بروقت کارروائی سے ایک اور بچی بچ گئی۔

گرفتار ملزم کی سہولت کار ایک خاتون کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔