کراچی: ہجرت کالونی میں آتشزدگی، 4 افراد جاں بحق

September 12, 2020


کراچی کے علاقے سول لائن کی کچی آبادی ہجرت کالونی میں پیش آنے والے آتشزدگی کے ایک واقعے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق آگ آج صبح گلی نمبر 4 کی ایک دکان میں لگی تھی جو آگ بجھانے والے عملے کے پہنچنے سے پہلے پھیل گئی اور جس کے نتیجے میں بالائی منزل کے گھر متاثر ہوئے۔

آتشزدگی کے نتیجے میں دم گھٹنے اور جھلسنے سے 2 خواتین اور 1 بچی کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دورانِ علاج یہ تینوں دم توڑ گئیں۔

جاں بحق خواتین کی شناخت عشرت بی بی اور وسیلہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ بچی کو عائشہ بی بی کے نام سے شناخت کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کراچی، چمڑا چورنگی کے قریب فیکٹری میں آتشزدگی، ایک جاں بحق

امدادی کام کے دوران عمارت سے ایک نوجوان شہریار کی جھلسی ہوئی لاش بھی نکالی گئی ہے۔

جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے جو پہلی منزل پر رہائش پذیر تھے۔