کراچی: لیاری میں عمارت گر گئی، 2 افراد جاں بحق

September 13, 2020

کراچی کے علاقے لیاری کی بہار کالونی میں کوئلہ گودام کے قریب 2 منزلہ عمارت گر گئی، جس کے ملبے کے نیچے دب کر 2 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہو گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی رینجرز، پولیس اور ریسکیو اداروں کے اہلکار فوری موقع پر پہنچ گئے جنہوں نےعلاقہ مکینوں کی مدد سے امدادی کارروائی شروع کی۔

ریسکیو حکام کے مطابق گرنے والی عمارت کے ملبے کے نیچے دبی ہوئی 2 لاشوں اور 12 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت جان محمد کے نام سے ہوئی ہے جس کی عمر 30 سال تھی اور وہ مزدوری کرتا تھا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق گرنے والی عمارت سے متصل ایک عمارت تعمیر کی جا رہی تھی جس کے لیے شاؤل چلنے کی وجہ سے گرنے والی عمارت کی بنیادیں مخدوش ہو گئیں۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

کراچی، عمارت کے ملبے سے 6 لاشیں نکال لی گئیں

لیاری میں زیر تعمیر عمارت کی شٹرنگ دھماکے سے گرگئی

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت گرنے کے بعد ٹھیکیدار اور شاؤل ڈرائیور فوری طور پر موقع سے فرار ہو گئے۔

عمارت گرنے کے باعث اس سے متصل عمارتیں بھی مخدوش ہو گئی ہیں اور ان کے بھی منہدم ہونے کا خدشہ ہے، ان عمارتوں کو لکڑیوں کے ذریعے سہارا دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد گرنے والی عمارت کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔