وزیر صحت سندھ کا اساتذہ اور والدین کے نام پیغام

September 17, 2020

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اساتذہ اور والدین کے لیے اہم پیغام دیا ہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ والدین بچوں کو کورونا کے متعلق ایس او پیز کی آگاہی اور عمل کرنے کا پابند کریں۔

وزیر صحت سندھ نے کہا کہ بچوں کو ماسک پہننا اور وقفے وقفے سے ہاتھ دھونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ طلبہ و طالبات کو کلاسز میں فاصلے سے بٹھائیں۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ کورونا علامت ظاہر ہو تو گھر پر رہیں اور ٹیسٹ کروائیں۔

SOPs پر عمل نہ کرنے پر 22 تعلیمی ادارے بند

اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر 22تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے پر خیبر پختونخوا میں 16، اسلام آباد میں 1 اور آزاد کشمیر میں 5 تعلیمی ادارے بند کئے ہیں۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں وزیر تعلیم سعید غنی کی جانب سے 2 نجی اسکولوں کا اچانک معائنہ کیا گیا ، اس دوران پری پرائمری اور پرائمری اسکولوں میں تدریسی عمل جاری تھا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم سندھ نے ڈی سی ویسٹ کو فوری طور پر اسکول سیل کرنے کاحکم جاری کیا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں تقریباً 7 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر سے کھولا گیا ہے۔