وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے پری پرائمری اور پرائمری اسکولوں میں تدریسی عمل جاری رکھنے کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے 2 اسکول سیل کرنے کا حکم جاری کردیا۔
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں وزیر تعلیم سعید غنی کی جانب سے 2 نجی اسکولوں کا اچانک معائنہ کیا گیا ، اس دوران پری پرائمری اور پرائمری اسکولوں میں تدریسی عمل جاری تھا۔
اس موقع پر وزیرتعلیم نے ڈی سی ویسٹ کو فوری طور پر اسکول سیل کرنے کاحکم جاری کردیا۔
سعید غنی نے شہر کے مختلف نجی اور سرکاری اسکولوں کا بھی دورہ کیا ، صوبائی وزیر نے گارڈن میں نجی اسکول میں تدریسی نظام کا جائزہ لیا اور کہا کہ تمام ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے۔
وزیرتعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور والدین کی ذمہ داری ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرائیں۔
انہوں نے اسکول پرنسپل کو ہدایت کی کہ ہر کلاس میں سینیٹائزز رکھا جائے اور کلاسز میں سماجی دوری کو برقرار رکھا جائے۔