بلاول بھٹو کی ٹیکس ادائیگی پر ناصر شاہ کی وضاحت

September 18, 2020

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کردیا ہے۔

اپنے بیان میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے انکم ٹیکس اور زرعی آمدنی پر ٹیکس ادائیگیاں کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سال 2019 ءمیں بلاول بھٹو نے 5 لاکھ 35 ہزار 243 روپے انکم ٹیکس اور 4 لاکھ 30ہزار روپے زرعی ٹیکس ادا کیا ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ کہا کہ میڈیا صرف پی پی چیئرمین کے انکم ٹیکس ادائیگی کی خبر نشر کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کا اصل کاروبار زراعت ہے، میڈیا سے مطالبہ ہے کہ وہ زرعی ٹیکس کی ادائیگی کو بھی خبر میں شامل کریں۔

ناصر حسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو نے سال 2018ء میں 2 لاکھ 94 ہزار117 روپے انکم ٹیکس اور 38 لاکھ 58 ہزار روپے زرعی ٹیکس ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سال 2017ء میں 23 لاکھ 7 ہزار 152 روپے انکم اور 39 لاکھ 58 ہزار 330 روپے زرعی ٹیکس کی ادائیگی کی۔

وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ سال 2016ء میں پی پی چیئرمین نے 5 لاکھ 51 ہزار 700 روپے انکم اور 39 لاکھ 58 ہزار 65 روپے زرعی ٹیکس ادا کیا۔