ایمبولینس گاڑیوں کی بلاتاخیر آمدورفت یقینی بنائی جائے،آئی جی

September 19, 2020

لا ہو ر (کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ شاہراہوں پر انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ایمبولینس گاڑیوں کی بلاتاخیر آمدورفت کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے ، انہوں نے مزیدکہاکہ ایمبولینس گاڑیوں کو پولیس ناکوں پرغیر ضروری طور پر نہ روکا جائے اور میڈیکل ایمر جنسی کی تصدیق ہوتے ہی ایمبولینس گاڑیوں کو فوراً جانے کی اجازت دے دی جائے۔انہوں نے مزیدکہاکہ ایمبولینسوں کو راستہ دینے کیلئے ٹریفک سنگنلز کو فوراً گرین کردیا جائے۔یہ ہدایات انہوں نے سی سی پی او لاہور سمیت صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کے نام بھجوائے گئے مراسلے میں جاری کی ہیں۔ مراسلے میں ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ پولیس ٹیمیں میڈیکل ایمر جنسی کے مقام پر ایمبولینسوں کے پہنچنے کیلئے فوراً راستہ کلئیر کروائیں اور مریض کی زندگی کے تحفظ کیلئے راستہ بند ہونے کی صورت میں دو رویہ شاہرات پر ون وے کی خلاف ورزی کوبھی نظر انداز کیا جائے۔