آج لُطف اُٹھائیں... کھجور کے نت نئے ذائقوں سے

September 27, 2020

حضور پاکﷺ نے فرمایا ہے کہ ’’جس گھر میں کھجور نہ ہو، وہ گھر ایسا ہے کہ جیسے اس میں کھانا نہ ہو‘‘ اور اب مختلف تحقیقات نے بھی یہ ثابت کردیا ہے کہ کھجور ایک مکمل غذا ہے، جس میں وہ تمام ضروری غذائی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں،جو صحت کے ساتھ مدافعتی نظام مضبوط کرتے ہیں۔ تو لیجیے، ذیل میں کھجور سے تیار کردہ چند لذیذ اور مزے دار تراکیب پیش کی جارہی ہیں، بس اب جلدی سے بنانے کی تیاری شروع کردیں۔

میوہ کھجور

اجزاء:کھجوریں حسبِ ضرورت، بادام، پستہ(باریک کاٹ لیں)اورناریل(پِسا ہوا)حسبِ منشاء۔

ترکیب:کھجوریں دھوکر چُھری کی مدد سے کٹ لگا کرگٹھلیاں نکال لیں۔پھر ایک پیالے میں خشک میوہ جات مِکس کرکے احتیاط سے کھجورکے اندر بَھردیں۔ جب تمام کھجوروں میں میوہ بھرلیں،تو ایک پلیٹ میں سجا کر کچھ دیر کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

ملائی کھجور

اجزاء:کھجور ایک پاؤ، ثابت بادام حسبِ منشاء اور دودھ کی بالائی یا فریش کریم ۔

ترکیب:کھجوروں کو دھوکر گٹھلی نکال لیں اور ہر کھجور کے درمیان میں ایک بادام رکھ کر اوپر سے فریش کریم یا دودھ کی بالائی بَھردیں۔چاہیں تو کچھ دیر فریج میں رکھ کر یا ایسے ہی کھائیں، بہترین ذائقہ اور لذّت ملےگی۔

کھجور کے لڈّو

اجزاء:کھجور(دھو کر گٹھلی نکال لیں)ایک پاؤ، خشک میوہ جات(باریک کاٹ لیں)دو کپ،شہد تین کھانے کے چمچ اور لیموں کا رس ایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب:کھجوریں باریک پیس لیں۔ پھر ان میں ایک کپ خشک میوہ جات اور دیگراجزاء شامل کرکے اچھی طرح مِکس کرلیں۔اب اس مرکب کی چھوٹی چھوٹی بالز بنالیں۔ باقی میوہ جات کو ململ کے کپڑے پر پھیلا کر ان بالز کو اس میں رول کریں، تاکہ ان پر میوہ جات اچھی طرح چپک جائیں۔ بعد ازاں، فریج میں رکھ دیں۔ کھانے کے بعد یا چائے کے ساتھ پیش کریں۔

(ثنا خان)

کھجور کی کھیر

اجزاء:کھجور(دھو کر گٹھلی نکال لیں)ایک کلو، دودھ دو کلو، چینی حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، خشک میوہ جات حسبِ منشاء اور چاندی کا ورق۔

ترکیب:ایک پتیلی میں دودھ لے کر گرم کرلیں۔ پھر اس میں چینی ڈال کر دھیمی آنچ پر مزید اُبلنے کے لیے رکھ دیں۔بعد ازاں، کھجوریں گرائنڈ کرکے دودھ میں شامل کرکے پکنے دیں۔ گاہے بگاہے چمچ چلاتی رہیں۔ جب دودھ اور کھجوریں یک جان ہوجائیں تو خشک میوہ جات شامل کردیں اور گاڑھے ہونے پر چولھا بند کردیں۔ اب ایک باؤل میں ڈال کر چاندی کے ورق سے سجا دیں اور ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

(نیلو فر،حیدرآباد)