محمد حفیظ کا عرفان جونیئر کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر افسردگی کا اظہار

September 20, 2020

محمد حفیظ کا عرفان جونیئر کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر افسردگی کا اظہار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے نوجوان فاسٹ بولر عرفان جونیئر کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ چھوڑنے کے فیصلے پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔ہ بات قابل ذکر ہے کہ ننکانہ صاحب میں پیدا ہونے والے 25 سالہ فاسٹ بولر اب تک22 فرسٹ کلاس میچوں میں 80 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، انہیں پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز، ملتان سلطانز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیموں کی نمائندگی کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔عرفان جونیئر نے گزشتہ سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن اس کے باوجود رواں سال شیڈول سیزن کیلئے انہیں سدرن پنجاب کی بجائے سیکنڈ الیون میں شامل کیا گیا جس کی وجہ سے وہ سلیکشن کمیٹی سے خاصے نالاں ہیں اور ڈومیسٹک سیزن کھیلنے کے بجائے انہوں نے آسٹریلیا میں کلب کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔محمد حفیظ نے عرفان جونیئر کے اس فیصلے پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ فاسٹ بولراپنے فیصلے پر نظرثانی کریں گے اور ڈومیسٹک سیزن کے دوران ایکشن میں دکھائی دے کر بھر پور ٹیلنٹ دکھائیں گے۔