اپوزیشن خطرہ نہیں پھر حکومت نواز کے خطاب پر پریشان کیوں، تجزیہ کار

September 20, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال کیا مفرور ہونے کے باوجود نواز شریف کو اے پی سی میں شریک ہونا چاہئے کے جواب میں تجزیہ کاروں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ ان کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے تو پھر نواز شریف کا متوقع خطاب نشر ہونے پر اتنے پریشان کیوں ہو رہے ہیں،جمہوریت کا جنازہ دھوم دھام سے نکلنا چاہئے،کیا ایک عدالتی اشتہاری اے پی سی میں شرکت کرسکتاہے۔

تجزیہ کارمحمل سرفرازنے کہا کہ ان کے اوپر جو مقدمات ہیں یا اگر وہ سزا یافتہ ہیں اور کچھ مقدمات اپیل میں بھی ہیں وہ تو ان کو انتخابات میں حصہ نہ لینے سے منع کرتا ہے۔

کوئی ایسے قوانین نہیں ہیں اور نہ پیمرا کا کوئی ایسا قانون میری نظر سے گزر ا جس میں ان کو منع کرسکتے ہیں کہ ان کاکوئی خطاب یا بیان نشر نہ کیا جاسکے۔ویسے تو حکومت کہتی ہے کہ ان کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں ہے تو پھر نواز شریف کا متوقع خطاب نشر ہونے پر اتنے پریشان کیوں ہورہے ہیں۔