مدرسے کے طلباء پر معلم کا تشدد، رسیوں سے باندھ دیا

September 21, 2020

شکارپور(نامہ نگار) تحصیل لکھی غلام شاہ کے علاقے چک کے قریب محلہ ہارون آباد کے ایک مدرسے میں مولوی ابوبکر مہر نے مدرسے کے طلباء پر شدید تشدد کرنے کے بعد انہیں رسیوں سے باندھ دیا۔طلباء میں دس سالہ عاقب بھیو، بارہ سالہ حارث مہر اور تیرہ سالہ عبدالصمد مہر شامل ہیں. مدرسے کے دیگر طلباء نے واقعے کی اطلاع متاثرہ لڑکوں کے ورثاء کو دی۔

جنہوں نے اطلاع ملتے ہی مدرسے پہنچ کر لڑکوں کو رسیوں سے ر ہاکرایا. جبکہ لڑکوں کی تشدد زدہ تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر شائع ہونے کے بعد شہریوں میں غم و غصے کی لہر دوڑگئی۔

متاثرہ طلباء کے ورثاء عطیق مہر، توقیر مہر و دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ لڑکوں کو دیر سے آنے اور سبق یاد نہ کرنے پرانہیں اس طرح کے تشدد کا نشانہ بنانا سمجھ سے بالاتر ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی شکارپور کی جانب سے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو مولوی کی گرفتاری کی ہدایات جاری کی گئیں. جس پر تھانہ چک کی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے مولوی ابوبکر مہر کو گرفتار کرکےلا ک اپ کردیا ہے۔