تجارتی راہداریوں کےقیام سے معاشی صورتحال بہتر ہوگی،بلوچستان عوامی پارٹی

September 21, 2020

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ کاوشوں سے بلوچستان میں ترقی کا سفر شروع ہورہا ہے، صوبے کے جنوبی اضلاع کے لئے خصوصی پیکیج سے بدامنی سے متاثرہ علاقوں میں خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا،صوبے میں توانائی کے نئے منصوبوں سے نہ صرف گیس، بجلی کے بحران پر قابو بلکہ معاشی فوائد بھی حاصل ہونگے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو مختلف وفود سے گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہیں، صوبے کے جنوبی اضلاع میں بدامنی کی وجہ سے وہاں کی ترقی متاثر ہوئی لیکن اب حکومت، سیکورٹی فورسز،اور عوام کی مشترکہ قربانیوں سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جسکے کے بعد اب ترقی کا سفر شروع کرنے کا وقت آپہنچا ہے۔ جنوبی اضلاع کے لئے خصوصی ترقیاتی پیکج سے وہاں نہ صرف انفراسٹرکچر کی بہتری ہوگی بلکہ لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے،انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں توانائی کا بحران گزشتہ کئی سال سے حل طلب مسئلہ تھا جس پر مثبت پیش رفت ہورہی ہے صوبے میں توانائی کے شعبے میں نئے منصوبے شروع ہونے سے توانائی کے بحران کے خاتمے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقعے بھی پیدا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سرد علاقوں میں گیس کے نرخ کم کروانے، سوئی گیس کے لیز معاہدے، صوبے کے تیل و گیس کے ذخائر کی آمدن میں حصے اور دور دراز علاقوں میں گیس کی فراہمی کے منصوبے شروع کرنے جارہی ہے، بلوچستان کے ساتھ منسلک مختلف سرحدوں پر بارڈر مارکیٹوں اور نئی تجارتی راہداریوں کے قیام سے بھی عوام کی معاشی صورتحال بہتر ہوگی۔انہوں نے کہا صوبائی حکومت نے صوبے کے وسائل پر عوام کے حق کو ترجیح دیتے ہوئے معدنی وسائل سے حاصل ہونے والی آمد ن صوبے کو دینے کے حوالے سے موثر انداز میں وفاق سے بات کی ہے جسکے مثبت ثمرات جلد ہی مرتب ہونگے۔