ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کی 94 ویں سالگرہ

September 21, 2020


ملکہ ترنم میڈیم نور جہاں کے مداح آج ان کی 94 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

بلھے شاہ کی نگری قصور میں آنکھ کھولنے والی اللہ وسائی نے بڑے ہو کر نور جہاں کے نام سے شہرت پائی۔

اداکاری ہو یا گلوکاری نورجہاں کا انداز شاندار، منفرد اور ہر دیکھنے والے کی پسند کا حصہ رہا۔

نورجہاں نے سدابہار آواز کے ساتھ بچپن میں ہی گلوکاری اور اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور 74 سالہ کیرئیر میں مختلف زبانوں میں تقریباً 20 ہزار سے زائد گیتوں کو اپنی آواز سے یادگار بنایا۔

ملکہ ترنم نور جہاں نے اردو، پنجابی، فارسی، بنگالی، پشتو، سندھی اور ہندی میں گانے گائے اور ہر طرف دھوم مچا دی۔

پاک بھارت جنگ کے دنوں میں انہوں نے اپنے نغموں سے عوام اور فوجی جوانوں کا خون گرمائے رکھا۔

شہرہ آفاق گلوکارہ نے تقریباً 40 فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے اور کئی قومی و بین الاقوامی ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔