غیرمستحق افراد کو سبسڈیز ملنے پر وزیر اعظم کا اظہارِ ناراضی

September 21, 2020


وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غیر مستحق افراد کا سبسڈیز کے نظام سے فائدہ اٹھانا نہ صرف سرکاری وسائل کا زیاں ہے بلکہ حقداروں کی حق تلفی کا باعث بھی بنتا ہے لہٰذا اس نظام میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سبسڈی کے معاملے میں حکومت کی ترجیحات نہایت واضح ہیں، سرکاری خزانے سے فراہم کی جانے والی سبسڈیز کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقوں کی معاونت اور سماجی و معاشی ترقی کا فروغ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی سبسڈی کے نظام کو شفاف اور منظم بنانے اور اس معاونت کو حقدار تک پہنچانے کو یقینی بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں میں بالواسطہ اور بلا واسطہ فراہم کی جانے والی سبسڈیز کی مقدار اور اس نظام میں اصلاحات کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حکومتی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر قابل عمل تجویز کے حوالے سے روڈ میپ مرتب کیا جائے تاکہ مرحلہ وار ان پر عمل درآمد کیا جاسکے۔