79 سالہ آشا لتا واگگونکر کورونا سے زندگی کی جنگ ہار گئیں

September 23, 2020

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارتی فلموں اورا سٹیج کی معروف اداکارہ آشا لتا واگگونکر79 برس کی عمر میں کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد نجی اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گئی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق اداکارہ آشا لتا چار دن تک ستارہ کے اسپتال میں کورونا کے خلاف جنگ لڑتی رہی ہیں لیکن گزشتہ روز صبح وہ یہ جنگ ہار کر دنیا سے رخصت ہو گئی ہیں ،انہیں جب اسپتال لایا گیا تو ان کی حالت کافی تشویشناک تھی ۔ آشا لتا کا جنم بھارت کے شہر گوا میں ہوا تھا اور وہ ہندی اور مراٹھی کی ایک سو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، وہ امیتابھ بچن کی مشہور زمانہ فلم ” نمک حلال“ میں بھی کام کر چکی ہیں ۔تاہم انہیں کورونا ایک ٹیلی سیریل کی شوٹنگ کے دوران ہوا تھا ۔آشا لتا مراٹھی ٹی وی سریل کی شوٹنگ کے سلسلے میں ستارہ میں موجودہ تھیں جس کا نام ” آئی کالوبائی “ تھا ، اطلاعات کے مطابق وہاں پر ٹی وی سیریل کے سلسلے میں موجود دیگر 20 افراد میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ۔آشا لتا کی آخری رسومات بھی ستارہ میں ہی ادا کی جائیں گی ۔ انڈسٹری میں آشالتا کو ” آشالتا تائی “ کہہ پر پکارا جاتا تھا ، ان کی موت پر انڈسٹری کی جانب سے گہرے دکھ اور رنجھ کا اظہار کیا جارہاہے ،انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز مراٹھی اور کونکنی پلیز سے کیا لیکن بعد ازاں انہوں نے اپنی قابلیت کی بنیاد پر مراٹھی اور ہندی کی100سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔آشالتا نے ہندی فلموں میں ڈبیو فلم ” اپنے پیارے “ سے کیا تھا۔