زمبابوے کیخلاف سیریز کے وینیوز اور شیڈول کا باقاعدہ اعلان

September 23, 2020

دورہ پاکستان کے لیے زمبابوے کرکٹ کی تصدیق کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مہمان ٹیم کے خلاف سیریز کے وینیوز اور شیڈول کا باقاعدہ اعلان کردیا، ون ڈے سیریز اکتوبر کے آخر میں ملتان اور ٹی ٹوئنٹی سیریز نومبر میں راولپنڈی میں کھیلی جائے گی، میچز شائقین کے بغیر ہوں گے۔

زمبابوے کی حکومت نے اپنی قومی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے دورے کی اجازت دے دی ہے، اس پیش رفت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی مہمان ٹیم کے دورے کی نہ صرف باقاعدہ تصدیق کردی بلکہ سیریز کے وینیوز اور شیڈول کا بھی اعلان کردیا۔

زمبابوے کی ٹیم کی آمد 20 اکتوبر کو متوقع ہے، کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کے بعد تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا، دوسرا میچ یکم نومبر اور تیسرا مقابلہ تین نومبر کو ہوگا، یہ تمام میچز ملتان میں ہوں گے۔

تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز راولپنڈی میں ہوگی جس کے میچز 7، 8 اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان کے مطابق زمبابوبے کرکٹ سے دونوں فارمیٹ کے لیے 32 رکنی اسکواڈ لانے کی درخواست کی گئی ہے۔

اسکواڈ میں شامل تمام افراد کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ ان کی اسلام آباد آمد پر لیا جائے گا، ٹیسٹ منفی آنے والے کھلاڑی پریکٹس شروع کرسکیں گے جبکہ مثبت رپورٹ والے افراد کو 5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے۔

زمبابوے کے خلاف سیریز تماشائیوں کے بغیر کھیلی جائے گی۔