وزیر اعظم عمران خان کا غریب ممالک کا مالی استحصال ختم کرنے پر زور

September 24, 2020



وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قرضوں میں ریلیف دے کر غریب ملکوں کی مدد کی جاسکتی ہے، غریب ممالک کا مالی استحصال بند کیا جائے۔

تخفیت غربت سے متعلق فورم سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ترقی پذیر ممالک کو حال مالی مشکلات، کورونا کی عالمی سطح پر تباہ کاریوں اور پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں ہاؤسنگ، ٹرانسپورٹ، پانی، انفرااسٹرکچر، صحت پر زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ قرضوں میں ریلیف دے کر غریب ملکوں کی مدد کی جاسکتی ہے، غریب ممالک کا مالی استحصال بند کیا جائے۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا کی زیادہ تر دولت دنیا کے 26 امیر ترین افراد کے ہاتھوں میں مرکوز ہے، موجودہ عالمی نظام میں سرمائے کی غیر منصفانہ تقسیم بڑا مسئلہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام غربت کے خاتمے کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اقدام ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میری حکومت نے کورونا وبا سے غریبوں کو بچانے کے لیے اقدامات کیے اور ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو مالی امداد دی۔

انھوں نے بتایا کہ کورونا وبا کے باعث اقتصادی شرح نمو میں تیزی سے کمی ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں بڑھتی غربت سے عالمی امن کو بھی خطرہ ہے، تقریباً 50 فیصد سے زیادہ لوگ دنیا میں بھوک افلاس کا شکار ہیں۔

انھوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کی معیشت میں تسلسل لانے کے لیے بھوک افلاس کو مٹانا ضروری ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کو بہت بڑا دھچکا لگا، لیکن پاکستان میں کورونا وائرس کو اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے روکا گیا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں 5 کروڑ خاندانوں کے لیے کورونا وائرس کے وقت پیکج کا اعلان کیا گیا۔

عمران خان نے بتایا کہ پاکستان میں غریب لوگوں کے لیے احساس پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔

عالمی فورم کو انھوں نے باور کروایا کہ میرا نظریہِ ہے کہ پاکستان کو ریاستِ مدینہ بنایا جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غریب ریاستوں کے استحصال کرنے کی روک تھام ہونی چاہیے۔