لاہور میں ڈاکٹر سے بدسلوکی کے واقعے میں ملوث دوسرا کانسٹیبل بھی گرفتار

September 26, 2020


لاہور میں وزارتِ خارجہ کیمپ آفس میں ڈاکٹر سے بدسلوکی کے واقعے میں ملوث دوسرے کانسٹیبل کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

لاہور فارن منسٹری کیمپ آفس میں ڈاکٹر نعمان دستاویزات کی تصدیق کے لئے آئےتھے، ڈیوٹی پر موجود اہل کار گلفام نے ان سے مبینہ طور پر بدتمیزی شروع کردی۔

ویڈیومیں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار ڈاکٹر نعمان کو گریبان سے پکڑ کر تشددکا نشانہ بنارہا ہےجبکہ اسلام نامی دوسرا پولیس اہلکار ویڈیو بنانے والے شہری کو روک رہا ہے۔

سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسپلن کو انکوائری کا حکم دےدیا، جس کے بعد پہلے کانسٹیبل گلفام اور بعد میں کانسٹیبل اسلام کو گرفتار کرلیا گیا، دونوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

سی سی پی او لاہور عمر شیخ کا کہنا ہے کہ کسی اہلکار کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے، ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔