کراچی: بفر زون کی جھکنے والی عمارت کو گرایا جانے لگا

September 27, 2020


کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں بفر زون کے سیکٹر 15 اے 3 میں جھکنے والی عمارت کو گرانے کا کام شروع ہو گیا۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ترجمان کے مطابق 25 ستمبر کو عمارتخالی کرانے کے احکامات دیئے گئے تھے۔

ترجمان ایس بی سی اے کا مزید کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت کے سیوریج نظام کیلئے بیسمنٹ میں کھدائی کی گئی تھی، بارش کا پانی عمارت کے بیسمنٹ میں جمع ہونے سے اسے نقصان پہنچا۔

ترجمان سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمارت ناقص مٹیریل سے لاک ڈاؤن کے دوران تعمیر کی گئی تھی، متعلقہ عملے کو معطل کر کے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب کراچی کے علاقے بفر زون سیکٹر 15 اے 3 میں 3 منزلہ رہائشی عمارت خطرناک حد تک جھک گئی تھی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ عمارت کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔

علاقہ مکینوں کے اطلاع دینے پر پولیس کے ساتھ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا تھا جبکہ عمارت میں موجود افراد کو نکال لیا گیا تھا۔