ون ڈیزل ڈیبیو گانا فیل لائک آئی ڈو کو پسند کرنے پر مداحوں کے شکرگزار

September 28, 2020

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ ایکشن ہیرو ون ڈیزل کے مداح انہیں گلوکاری کرتے ہوئے بھی دیکھ سکیں گے۔53سالہ ایکشن ہیرو اگرچہ کافی عرصے سے مداحوں سے گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھنے کا وعدہ کرتے آ رہے تھے تاہم اب انہوں نے اپنا پہلا گانا بھی ریلیز کردیا۔ ون ڈیزل نے اپنا پہلا گانا (Feel Like I Do) ʼفیل لائک آئی ڈو ریلیز کردیا، جو دیکھتے ہی وائرل ہوگیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ون ڈیزل نےفیل لائک آئی ڈو کو ڈی جے کریگو کے تعاون سے ریلیز کیا اور گانے کا ریویو معروف امریکی ریئلٹی شو ʼدی کیلی کلارکسن شو میں کیا گیا۔ون ڈیزل نے ڈیبیو گانا ریلیز کے حوال سے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے گانے کو پسند کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ون ڈیزل کے جاری کیے گئے گانے کی ویڈیو تاحال جاری نہیں کی گئی، ابھی گانے کی پوئٹری ویڈیو جاری کی گئی ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی گانے کی ویڈیو بھی جاری کردی جائے گی۔ون ڈیزل اس وقت اپنی آنے والی ایکشن فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس 9‘ کی تکمیل میں مصروف ہیں، خبریں ہیں کہ ان کی مذکورہ فلم مکمل ہو چکی ہے تاہم کورونا کے باعث اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہے۔شاندار ایکشن اداکاری کے باعث متعدد ایوارڈز جیتنے والے ون ڈیزل کو سب سے زیادہ شہرت ’فاسٹ اینڈ فیوریس‘ میں ڈومنک ٹریٹو ’ڈوم‘ کا کردار ادا کرنے سے ملی، تاہم انہوں نے متعدد دیگر ایکشن فلموں میں بھی شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے۔ون ڈیزل اگرچہ ماضی میں میوزک منصوبوں پر کام کرتے رہے ہیں، تاہم اب انہوں نے باضابطہ طور پر گلوکاری کا آغاز بھی کردیا۔