مفرور ڈکٹیٹر کو نہ نوٹس بھیجتے ہیں، نہ گرفتار کرتے ہیں، بلاول

September 28, 2020


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن سے وابستہ سیاستدانوں کو نوٹس بھیجنا اور گرفتار کرنا عمران خان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، یہ مفرور ڈکٹیٹر کو نہ تو نوٹس بھیجتے ہیں، نہ گرفتار کرتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مسلم لیگ نون کے صدر شہبازشریف کی ضمانت خارج ہونے اور گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سے بوکھلائے عمران خان اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ وفاقی حکومت فی الفور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو رہا کرے ، عمران خان نیب کو سیاسی انتقام کیلئے استعمال کرنا بند کریں۔

بلاول کاکہنا تھا کہ مفرور ڈکٹیٹرجس پرسنگین الزامات ہیں اسے نہ کوئی نوٹس بھیجا جاتا ہے نہ گرفتار کیا جاتا ہے، عمران خان کی ہمشیرہ، معاونین خصوصی پر سنگین الزمات ہیں مگر انہیں نیب طلب نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے اپوزیشن رہنماؤں کو نشانہ بنانے سے عوامی مزاحمت کا راستہ نہیں رک سکتا، حکومت نے جو کرنا ہے کرلے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا سفر نہیں رکے گا۔