چند دنوں میں نواز شریف متحرک نظر آئیں گے، عطا تارڑ

September 29, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آپس کی بات“میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتےہوئے پنجاب کے وزیر میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ابھی میچ شروع ہوا ہے ن لیگ گھبرا گئی۔

ن لیگ کے رہنما عطا تارڑ نے کہا کہ آنے والے چند دنوں نواز شریف بہت متحرک نظر آئیں گے اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کے بعدلائحہ عمل میں تبدیلی لائی جائے گی اور شاید اے پی سی کے فیصلوں میں کچھ رد و بدل کیاجائے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی صفر بٹا صفر ہے۔پنجاب کے وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ ن لیگ مولانا فضل الرحمٰن کے مدرسوں کے طلباء کو آگے لگا کر احتجاج کرنا چاہتی ہے ۔

محمود الرشید نے کہا کہ ہم بائیس سال جدوجہد کر کے اقتدار میں آئے ہیں، وزیراعلیٰ کسے بنانا ہے یہ پارٹی کا اختیار ہوتا ہے، پی ٹی آئی میں ون مین شو نہیں ہے، ابھی میچ شروع ہوا ہے ن لیگ گھبراگئی ہے۔

ن لیگ اور پیپلز پارٹی ڈیلیور کرتی تو ملک کے حالات یہ نہیں ہوتے، اپوزیشن باہر نکلے پتا لگ جائے گا لوگ کس کے ساتھ ہیں۔