موٹر وے زیادتی کیس، متاثرہ خاتون بیان دینے پر راضی

September 29, 2020


رواں ماہ لاہور موٹر وے پر پیش آنے والے زیادتی کیس میں 20 روز بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پولیس متاثرہ خاتون کو بیان دینے پر راضی کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے،

ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون نے ملزم شفقت علی کی شناخت کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون ابتدائی بیان بذریعہ ٹیلی فون دے گی جبکہ متاثرہ خاتون کا 161 کا ابتدائی بیان کا ٹرانسکرپٹ چالان کے ساتھ لف ہوگا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس عدالت سے ان کیمرہ ٹرائل کی درخواست کرے گی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران ٹرائل متاثرہ خاتون کا ’’فرضی نام‘‘ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 20 روز بعد مرکزی ملزم عابد ملہی اب بھی پولیس کی پہنچ سے دور ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم اب بھی پنجاب کی حدود میں ہے اور بھکاری یا مزدور کے روپ میں ہو سکتا ہے۔