فریئرہال میں پرانی کتابوں کا بازار باقاعدگی سے لگایا جائیگا، ایڈمنسٹریٹر

September 30, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار علی شالوانی نے فریئر ہال کے لان میں پرانی کتابوں کے بازار کو باقاعدگی کے ساتھ لگانے اور توسیع دینے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہریوں کو کم قیمت پر تاریخی اور نادر کتب دستیاب ہوسکیں اور کراچی میں کتابوں کے مطالعے کا رجحان پھر سے فروغ پاسکے،انہوں نے یہ ہدایت فریئر ہال کے لان میں لگائے جانے والے کتب بازار کے دورے کے موقع پر دی، سینئر ڈائریکٹر کلچر اینڈ اسپورٹس سید خورشید شاہ، ڈائریکٹر کلچر شمس مسعودی اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کتب بازار کے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور کتابیں دیکھیں، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاں کتابوں کی اہمیت کم ہوگئی ہے اور نئی نسل میں مطالعے کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے، ہمیں اس رجحان کو بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ کتابیں علم و حکمت کا خزانہ ہوتی ہیں اور ان کی قدر کرنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ صاحب علم اور صاحب کتب افراد معاشرے کی وہ محترم ہستیاں ہیں جو ہمیں ماضی، حال اور مستقبل سے آگاہی فراہم کرتی ہیں اور مثبت اور تعمیری اقدار کو پروان چڑھاتی ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر میں کتب خانوں کی کمی کو دور کرنے کے لئے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ لائبریریز قائم کی جا رہی ہیں اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ مضافاتی علاقوں میں بھی اسٹریٹ لائبریریز قائم کی جائیں ۔