این بی پی اسنوکر چیمپئن شپ: محمد آصف سیمی فائنل میں پہنچ گئے

October 04, 2020

ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن محمد آصف شرجیل محمود کو شکست دیکر این بی پی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے، مقابلے کے دوران انہوں نے 108 کا خوبصورت سنچری بریک بھی کھیلا۔

محمد سجاد نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آصف ٹوبہ کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ انہوں نے بھی117 کا سنچری بریک کھیلا۔

دوسری جانب حارث طاہر اور احسن رمضان کے درمیان کوارٹر فائنل میں سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جس میں حارث طاہر نے پونے چار گھنٹے کھیلے جانے والے مقابلے میں 5-4 سے فتح اپنے نام کی۔

ٹورنامنٹ کے بیسٹ آف الیون سیمی فائنل میں محمد آصف کا مقابلہ محمد سجاد سے جبکہ حارث طاہر کا مقابلہ محمد بلال سے ہوگا۔

نیشنل بینک اسپورٹس کپملیکس میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے ٹاپ ایٹ میں ٹاپ سیڈ محمد آصف نے شرجیل محمود کو باسانی 5-1 سے ہرایا، جس میں 108 کا سنچری بریک بھی تھا۔

محمد سجاد نے آصف ٹوبہ کو 5-3 سے اور محمد بلال نے محمد سلیم کو 5-2 سے زیر کیا۔ کوارٹر فائنل میں سب سے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے حارث طاہر اور احسن رمضان کے درمیان رہا۔

دونوں کے درمیان مقابلہ آٹھویں فریم تک برابر رہا۔ نویں فریم میں حارث نے کامیابی حاصل کرکے مقابلہ اپنے نام کیا۔ سیمی فائنلز کا آغاز پیر کو صبح 10 بجے ہوگا۔