پیٹیو ڈیزائننگ کیلئے مقبول تعمیراتی مواد

October 07, 2020

گھروں میں آنگن کا ہونا کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا بالخصوص لوڈشیڈنگ کے دوران، گرمیوںکی شاموں میں ٹھنڈی ہوا یا سردیوں میں دن کے اوقات دھوپ سینکنے کے لیے۔ مغرب میں اسے ’پیٹیو‘کہا جاتا ہے جو کہ ہسپانوی نام ہے۔ گھر کا یہ حصہ مکینوں کو راحت پہنچانے کے ساتھ گھر کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ گھر کا یہ حصہ عام طور پر بیٹھنے، تفریح کرنے اور کبھی کبھار کھانے ​​کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ شاندار اور جدید انداز میں تعمیر کیا گیا پیٹیو گھر کے بیرونی حصے کو خوشگوار بناتے ہوئے گھر کی قدر وقیمت میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔ گھر کے اندرونی حصے سے منسلک یہ جگہ عام طور پر کنکریٹ یا پتھر کی سلیب سے ہموار کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ اسے اینٹوں ، بلاکس، ٹائلوں، گول پتھر یا پھر بجری استعمال کرتے ہوئے بھی تشکیل دیا جاسکتا ہے۔ ان دنوں پیٹیو کے لیے ایلوماووڈ، المونیم، ایکریلک اور گلاس جیسے مواد بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔

تعمیراتی ماہرین گھر کے بیرونی حصے کو اَپ گریڈ کرنے کے لیے پیٹیو میں استعمال کیے جانے والے مواد پر غورو فکر کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ مواد کا انتخاب کرتے وقت اس کی قیمت، پائیداری (جس کا انحصار مواد کی عمر پر ہے )، اسٹائل اور اس کو لگانے میں دقت کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ آج ہم ایک پُر کشش اور دلکش ڈیزائن کے حامل پیٹیو کے مواد کے بارے میں بات کریں گے۔

اینٹیں

پیٹیو ڈیزائننگ (فرش اور دیوار) کو کلاسیکی انداز دینےکے لیے اینٹیں بطور مٹیریل استعمال کرنا بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ اگرچہ اینٹوں کا انتخاب رنگوں کے حوالے سے پسند کو محدود کردیتا ہے، لیکن پیٹیو کو مختلف صورتوں میں ترتیب دینے یا پھر اسے منفرد اور جداگانہ طرز دینے کے لیے اینٹیں بہترین انتخاب ہیں۔ اگر آپ پیٹیو ڈیزائن کرنے کے لیےنئی اینٹوں کے بجائے استعمال شدہ اینٹیں استعمال کرتےہیں تو یہ نہصرف کم قیمت ہوں گی بلکہ ماحول دوست بھی تصور ہوتی ہیں۔

اگرچہ اینٹیں جلد خراب نہیں ہوتیں لیکن دباؤ یا منجمد درجہ حرارت میں یہ ٹوٹ سکتی ہیں۔ اینٹوں کی صفائی مشکل ہوتی ہے کیونکہ جلد ہی ان پر کائی جم جاتی ہے جسے بلیچ یا برش کی مدد سے ہٹالینا چاہیے۔ مناسب صفائی اور دیکھ بھال کے باعث اینٹوں کی میعاد 100سال تصور کی جاتی ہے۔ جدید اور ماڈرن گھروں کے بجائےکلاسیکل، رینچ ، کرافٹس مین اور روایتی طرز پر تعمیر کیے جانے والے گھروں کے لیے یہ بہترین ہوتی ہیں۔

پتھر

پتھر سے تعمیر کیے جانے والےپیٹیو حیرت انگیزحد تک خوبصورت ہوتے ہیں۔ پتھریلی یا سنگی سطح والے آنگن کے لیے فلیگ اسٹون، سلیٹ، بلیواسٹون اور لائم اسٹون چند مشہور تعمیراتی مواد میں شامل ہیں۔ چونکہ پتھر کو زمین کی سطح میں نصب کیاجاتا ہے، لہٰذا وقت کے ساتھ ساتھ ان کے پھٹنے یا خراب ہونے کا امکان نہیں ہوتا۔

تاہم، کسی وجہ سے اگر کوئی ایک پتھر ٹوٹ جائے تو پوری سطح تبدیل کرنے کے بجائے صرف خراب پتھر کو ہی آسانی سے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ پتھر وزن میں بھاری اور تنصیب میں مشکل ہوتے ہیں، اس لیے ان کی تنصیب کے لیے ایک تجربہ کارمعمار کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ واضح رہے کہ ان کی سطح گرم دنوں میں سخت گرم اور بارش میں پھسلن کا باعث بنتی ہے۔ روایتی طرزِ تعمیر مثلاًوکٹورین اور کولونیل گھروں میں ان کی تنصیب کی جاتی ہے۔

ٹائل اور ماربل

پیٹیو کی تعمیر کے لیے ٹائلز اور ماربل کا استعمال بھی عام ہے کیونکہ انہیں صاف کرنا آسان ہوتا اور ان پرچلنا خوشگوار احساس دیتاہے۔ ان ہی خصوصیات کی وجہ سے لوگ عموماً ٹائلز یا ماربل سے پیٹیو بنوالیتےہیں۔ ٹائلز کے نیچے بیس بنانی پڑتی ہے اور پھر ٹائلز کو سیٹ کرکے ایک دوسرے سے جوڑ دیا جاتاہے جبکہ اس کی لاگت بھی قابل برداشت ہوتی ہے۔ مارکیٹ میں کئی اقسام، خصوصیات اور رنگوںوالی ٹائلز دستیاب ہیں، جو آپ اپنے ذوق اور بجٹ کے مطابق منتخب کرسکتے ہیں۔

چھوٹے گول پتھر

چھوٹے سائز کے گول پتھر( Pea gravel ) انگریزی طرز کی گارڈن ڈیزائننگ کے لیے سب سے مقبول مٹیریل مانا جاتا ہے۔ باغیچے کو انگریزی طرز دینے کے لیے ان کا استعمال پاتھ وے یا پھر پیٹیو میںفرش کے طور پر کیا جاتا ہے۔ دوسرے مٹیریل کی نسبت یہ خوبصورتی میںزیادہ اور قیمت میں کم ہوتے ہیں جبکہ انھیں لگانا بھی نہایت آسان ہوتا ہے۔

مٹر کے سائز کے پتھروںکی یہ قسم بھربھرے، ہموار اور سطح زمین پر پائے جانے والے پتھروں سے تیار کی جاتی ہے۔ چونکہ یہ پتھر بھربھری اور ہموار سطح میں ہی استعمال کیے جاتے ہیں، اس لیے انھیں سخت مواد بنا کرلگانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اگر اس مٹیریل کی دیکھ بھال مناسب انداز میں کی جائے تو یہ طویل عرصے تک چلتا ہے۔ اسے وکٹورین ، کولونیل اور جدید طرز تعمیر کے حامل گھروں میں انگریزی طرز دینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اسٹیمپڈ کنکریٹ

اسٹیمپڈ کنکریٹ (Stamped concrete) کی بات کریں تو یہ اینٹوں، سلیٹ، فلیگ اسٹون، پتھر، ٹائل، لکڑی اور مختلف چیزوں کے نمونوں اور بناوٹ سے ملتا جلتا کنکریٹ ہوتا ہے۔ اسٹیمپڈ کنکریٹ عموماً ایک ہی سائز کے ہوتے ہیں، جن کی تیاری کے لیے پتھر، ریت اور بجری وغیرہ کو یکجان کیا جاتا ہے۔ اسے پیٹیو میں نصب کرنے کے لیے کسی ماہر معمار کی ضرورت ہوتی ہے۔اس فرش کی میعاد ویسے تو 20سے 30سال ہے لیکن ایک بار اگر یہ ٹوٹ جائے تو نئے سرے سے تعمیر کروانا زیادہ مناسب رہتا ہے۔

اگر آپ کسی طے شدہ ڈیزائن کے بجائے اپنی پسند اور مرضی کےمطابق پیٹیو ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں تو مٹیریل کے طو ر پراسٹیمپڈ کنکریٹ استعمال کیجیے۔ سخت سطح کے ساتھ تعمیر کیے جانے والے پیٹیو کے لیے اسٹیمپڈ کنکریٹ ایک سستا اور مقبول تعمیراتی مواد ہے۔ انہیںکم سے کم روایتی اورجدید انداز میںتعمیر کیے جانے والے گھروں میں آرٹ اور کرافٹس مین اسٹائل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔