روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت کی خبریں من گھڑت، قرض ادا کردیا، غلام سرور

October 12, 2020

وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے نیویارک میں واقع روز ویلٹ ہوٹل کی فروخت سے متعلق خبروں کو من گھڑت قرار دے دیا ہے۔

ایک بیان میں غلام سرور خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث دنیا بھر میں ہوٹل انڈسٹری بحران کا شکار ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ روز ویلٹ ہوٹل نیویارک بھی کورونا وائرس کے دوران شدید مالی مشکلات کا شکار ہوا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بحران کے دنوں میں جے پی مورگن بینک نے روز ویلٹ ہوٹل کو دیا ہوا اپنا قرض نجی کمپنی کو بیچ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نجی کمپنی جس نے بینک سے قرض خریدا تھا وہ خود روز ویلٹ کی ملکیت حاصل کرنا چاہتی تھی۔

غلام سرور خان نے کہا کہ نجی کمپنی نے آمدنی نہ ہونے کا کہہ کر 105 ملین ڈالر قرض کی رقم کی فوری واپس کا مطالبہ کردیا۔

ان کاکہنا تھا کہ نجی کمپنی نے واضح طور پر کہا کہ قرض کی عدم ادائیگی کی صورت میں وہ پراپرٹی کا انتظام سنبھال لے گی، اس حوالے سے اس نے کارروائی کا آغاز بھی کردیا تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی آئی اے کی درخواست پر وزارت ہوا بازی نے نیشنل بینک سے قرض ادا کروا دیا ہے۔