پی ڈی ایم کو گوجرانوالہ میں جلسے کی اجازت مل گئی

October 15, 2020

گوجرانوالہ انتظامیہ نے اپوزیشن کو جناح اسٹیڈیم میں جلسے کی اجازت دے دی، وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت جلسوں کی اجازت اس لیے دے رہی ہے تاکہ اپوزیشن سیاسی انتقام کا کارڈ استعمال نہ کرے۔

حکومتی ترجمان کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے پھر واضح کیا کہ اپوزیشن سے مفاہمت نہیں ہوگی، پہلے دن سے کہا تھا لوٹ مار کرنے والے اکٹھے ہو جائیں گے، یہ جلسے کریں یا دھرنے دیں، این آر او نہیں ملنا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اپوزیشن کی تحریک سے کوئی پریشانی نہیں ہے، اپوزیشن کو این آر او دے دیں تو کوئی تحریک نہیں چلے گی۔

وزیراعظم نے این اے 120 میں ضمنی انتخاب میں ڈھائی ارب روپے خرچ کا معاملہ منظر عام پر لانے کی ہدایت کردی۔ اس ضمنی انتخاب میں کلثوم نواز جیتی تھیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نےگوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ گوجرانوالہ جلسے کے لیے 3 اکتوبر کو دی گئی درخواست پر آج تک جواب نہیں آیا۔ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو جی ٹی روڈ گوجرانوالہ پر ہوگا۔