دنیا پاکستان کے بیانیہ کو تسلیم کررہی ہے، شاہ محمود

October 15, 2020


کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کی ساکھ میں اضافہ ہوا،دنیا پاکستان کے بیانیہ کو تسلیم کررہی ہے،تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے جلسے میں رکاوٹ کھڑی کرنے پر یقین نہیں رکھتے،ن لیگ کی رہنما عظمٰی بخاری نے کہا کہ ہمیں کارنر میٹنگ تک کی اجازت نہیں ہے لوگوں کے گھروں ، ڈیروں پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔پاکستان اگلے تین سال کے لئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل کا رکن منتخب ہوگیا اس حوالے سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو نمایاں کامیابی مبارک ہو ، خوشی کی بات یہ ہے کہ ہر ریجن نے پاکستان کو سپورٹ کیا ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان کا بیانیہ دنیا تسلیم کررہی ہے ۔