نون لیگ دور میں ہماری ریلی پر فائرنگ ہوئی تھی: فیاض چوہان

October 16, 2020


پنجاب کے وزیرِ اطلاعات فیاض الحسن چوہان کہتے ہیں کہ نون لیگ کے دورِ حکومت میں ہماری ریلی پر فائرنگ کی گئی تھی۔

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میری اطلاع کے مطابق پی ڈی ایم کے جلسے پر 1 ارب 3 کروڑ روپےخرچ کیئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 11 مسالوں پر مشتمل مکس اچار پارٹی کا پہلا جلسہ آج بری طرح فلاپ ہو گا، 12 مسالوں والی چاٹ تو سب نے سنی تھی، 11 مسالوں والی مکس اچار پارٹی پہلی دفعہ دیکھ رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ان انتہائی تیکھے اور زہریلے مسالوں نے پاکستانی معیشت کے معدوں کو السر زدہ کر دیا تھا، ان میں لوٹ مار کی الائچی، جعلی اکاؤنٹس کی دار چینی اور ٹی ٹیز کی لونگ شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور ان پارٹیوں کے کارکنان جھوٹ سچ میں فرق کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، آج عوام کی جانب سے گوجرانوالہ جلسے میں دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے۔

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ ماضی میں یہ پارٹیاں 2 دن کے نوٹس پر موچی دروازے، لیاقت باغ اور نشتر پارک میں لاکھوں کا مجمع اکٹھا کرتی تھیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج یہ صورتِ حال ہے کہ چند ہزار افراد اکٹھے کرنے میں بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔